Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گگنیان مشن‘، نریندر مودی نے خلابازوں کے ناموں کا اعلان کر دیا

’گگنیان‘ انڈیا کا پہلا انسان بردار خلائی مشن ہے جسے 2024 اور 2025 کے درمیان لانچ کیا جائے گا (فوٹو: اے این آئی)
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے اُن چار خلابازوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے جو خلائی مشن ’گگنیان‘ کے لیے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ آج مجھے ان خلابازوں سے ملنے اور انہیں ملک کے سامنے لانے کا موقع ملا۔ میں پورے ملک کی جانب سے انہیں مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ آپ آج کے انڈیا کا فخر ہیں۔‘
ان خلا بازوں میں کیپٹن بالاکرشنن نائر، کیپٹن اجیت کرشنن، گروپ کیپٹن انگد پرتاپ، اور ونگ کمانڈر ایس شکلا شامل ہیں۔
نریندر مودی نے مزید کہا کہ ’خلائی شعبے میں انڈیا کی کامیابی ملک کی نوجوان نسل میں سائنسی رجحان کے بیج بو رہی ہے۔‘
انڈین وزیراعظم جو کیرالہ کے مختصر دورے پر ہیں، نے ترواننت پورم میں وکرم سارا بھائی خلائی مرکز (وی ایس ایس سی) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے گگنیان مشن کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
کیرالہ کے وزیراعلیٰ پنارائی وجین، مرکزی وزیر مرلی دھرن اور اسرو کے چیئرمین ایس سوما ناتھ بھی اُن کے ہمراہ ہیں۔
’گگنیان‘ مشن انڈیا کا پہلا انسان بردار خلائی مشن ہے جسے 2024-2025 کے درمیان لانچ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت تین افراد پر مشتمل عملے کو تین دن کے لیے 400 کلومیٹر کے مدار میں بھیجا جائے گا اور انڈیا کے سمندری پانیوں میں اُتر کر محفوظ طریقے سے زمین پر واپس لایا جائے گا۔
انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’یہ مشن اندرون ملک مہارت، انڈین شعبے کے تجربے، انڈین اکیڈمی کی دانشورانہ صلاحیتوں اور تحقیقی اداروں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ایجنسیوں کو دستیاب جدید ٹیکنالوجی کا جائزہ لے کر ایک بہترین حکمت عملی کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔‘

منصوبے کے تحت تین افراد پر مشتمل عملے کو تین دن کے لیے 400 کلومیٹر کے مدار میں بھیجا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ سال اکتوبر میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے اسرو کے بڑے عہدے داروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ نئے اور پرعزم خلائی مشن کے اہداف حاصل کریں، جن میں انڈین شہری کو چاند پر بھیجنا اور 2035 تک ملک کا اپنا خلائی سٹیشن قائم کرنا شامل ہے۔
اسرو نے مستقبل کے لیے خلا بازوں کو تربیت دینے کی خاطر بنگلورو میں ہیومن سپیس فلائٹ سینٹر قائم کیا ہے۔ اس پروگرام میں عملہ بھی شامل ہے جو گگنیان مشن کا حصہ ہو گا۔
اسرو کے مطابق خلا باز بنگلورو میں مشن کی تیاری کر رہے ہیں جس میں جسمانی فٹنس، طبی تربیت، یوگا اور مخصوص ماحول کی نقل تیار کر کے فلائٹ سوٹ کے استعمال کی تربیت شامل ہے۔

شیئر: