Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں رمضان کے دوران صفائی اور سینیٹائزنگ کے لیے کیا انتظامات ہیں؟

مسجد کو 24 گھنٹے معطر رکھنے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے (فوٹو ایس پی اے)
مسجد نبوی امور کی جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی میں تعینات کارکن مسجد کے 1.378 ملین مربع میٹر سے زیادہ رقبے میں صفائی اور سینیٹائزنگ کا کام انجام دیتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے رمضان المبارک کے دوران 1490 کارکن جدید اور خودکار آلات کے ذریعے مسجد کے اندر، صحنوں، چھتوں اور اطراف کے حصوں کی 24 گھنٹے صفائی اور سینیٹائزنگ میں مصروف رہتے ہیں۔


افطار سے قبل مسجد کے صحن میں قالین بچھائے جاتے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)

 مسجد نبوی امور کی اتھارٹی کا کہنا ہے مسجد کو دھونے اور جراثیم کش سپرے اور سینیٹائزنگ کے علاوہ خوشبویات سے مسجد کو معطر رکھنے کا کام رمضان میں 24 گھنٹے جاری رہتا ہے۔
 رمضان میں افطار سے قبل مسجد نبوی میں صحن میں قالین بچھا دیے جاتے ہیں۔ افطار کے بعد انتہائی قلیل وقت میں کارکنان تیزی سے صفائی کے تمام کام انجام دیتے ہیں اور منٹوں میں تمام دسترخوان سمیٹ کر مسجد کی اندر اور باہر سے صفائی مکمل کر لی جاتی ہے۔


قالینوں کی صفائی اور سینیٹائزنگ بھی سسٹم کے تحت ہوتی ہے  (فوٹو ایس پی اے)

اتھارٹی کا کہنا ہے اسی طرح قالینوں اور فرش کی صفائی اور سینیٹائزنگ دن بھر جاری رہتی ہے۔ اس کے علاوہ مسجد کو 24 گھنٹے معطر رکھنے کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
 اسی طرح زمزم کے خالی کولرز ہٹانے اور انہیں بھرنے اور صفائی کے لیے مختص جگہوں تک پہنچانے کا کام بھی سسٹم کے تحت کیا جاتا ہے اور ڈسپوزیبل گلاس ہٹانے اور نئے گلاسز رکھنے کا بھی کام کارکنان وقتاً فوقتاً انجام دیتے رہتے ہیں۔


صفائی کےلیے جدید ترین  مشینوں کا استعمال کیا جاتا ہے (فوٹو ایس پی اے)

مسجد نبوی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں صفائی کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی فیلڈ ٹیمیں اپنی خدمات انجام دیتی ہیں۔ روشنی کے نظام، ایئرکنڈیشننگ اور ساؤنڈ سسٹم کی دیکھ بھال، وضو خانے اور بیت الخلا کی صفائی کے لیے بھی کارکنان مختلف شٹفوں میں 24 گھنٹے کام کرتے ہیں۔
 کارکنان پوری تندہی کے ساتھ تمام خدمات انجام دیتے ہیں تاکہ زائرین عبادت میں یکسو رہیں اور یہاں کے پاکیزہ ماحول میں رمضان کی مبارک ساعتیں گزریں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: