Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ الیکشن: مراد سعید، اعظم سواتی اور محمود خان کے کاغذات نامزدگی مسترد

الیکشن کمیشن نے مراد سعید، زلفی بخاری، فیصل جاوید اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات لگائے گئے تھے (فوٹو: اے پی پی)
سینیٹ الیکشن کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں مراد سعید، اعظم سواتی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے رہنما محمود خان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کی غیر حتمی فہرست جاری کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا سے مجموعی طور پر 30 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں۔ 
الیکشن کمیشن نے صوبے میں جنرل نشستوں کے لیے 16، ٹیکنو کریٹ نشستوں کے لیے آٹھ اور خواتین کی نشستوں کے لیے چھ امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کیے ہیں۔
خیال رہے کہ 19 مارچ کو مراد سعید، زلفی بخاری، فیصل جاوید اور صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات لگائے گئے تھے اور الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لیے 42 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو چکی ہے۔
مراد سعید، اعظم سواتی، محمود خان سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات پر اعتراضات سامنے آئے۔
اپوزیشن جماعتوں نے پی ٹی آئی کے مراد سعید پر مفرور ہونے، فیصل جاوید پرمکمل جائیداد ظاہر نہ کرنے اور اعظم سواتی کو قومی اسمبلی کے لیے نااہل قرار دینے کی بنا پر اعتراضات عائد کیے۔
پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعلی محمود خان، پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد سمیت دیگر امیدواروں قیصرخان، فدا خان، دلاور خان، احمد مصطفی اور شازیہ کے تجویز اور تائید کنندہ پر اعتراضات کیے۔
محمود خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اپنایا کہ ان کی تائید کنندہ نادیہ شیر خان نے ابھی حلف نہیں اٹھایا۔ روبینہ خالد اور احمد مصطفی پر اعتراض اٹھایا گیا ہے کہ ان کے تجویز کنندہ ایک ہی رکن اسمبلی ہے، دو الگ الگ امیدواروں کی جانب سے ایک ہی تجویز کنندہ غیرقانونی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن پنجاب نے زلفی بخاری کے کاغذات نامزدگی پر دوہری شہریت کا اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی صورت میں وہ سینیٹ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔
اس کے علاوہ زلفی بخاری کے کاغذات پر اشتہاری ہونے اور اثاثوں کی تفصیلات میں غلط بیانی کا اعتراض بھی عائد کیا گیا۔
سینیٹ کی نشست کے لیے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراضات عائد کیے گئے، الیکشن کمیشن کے مطابق صنم جاوید کا والد کے ساتھ جوائنٹ اکاؤئنٹ ہے۔ الیکشن قانون کے تحت جوائنٹ اکاؤنٹ رکھنے والا امیدوار کوئی بھی الیکشن نہیں لڑ سکتا۔
الیکشن کمیشن نے صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی پر ہونے والے دستخط پر بھی اعتراض عائد کیا تھا۔

شیئر: