Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کے پی حکومت کا ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کا آغاز

علی امین کہتے ہیں ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
خیبر پختونخوا کی ٹریفک پولیس نے بیرون ملک مقیم پاکستانی شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کرانے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کو وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’جن اوورسیز پاکستانیوں کو خیبر پختونخوا سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں اب وہ اس آن لائن سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔‘
بیان کے مطابق خیبر پختونخوا اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یہ سہولت فراہم کرنا والا پہلا صوبہ ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ سفارت خانے کے توسط سے بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں۔
درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کر دیا جائے گا۔ تجدید شدہ ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا۔ 
ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کے لیے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ 

خیبر پختونخواہ کی ٹریفک پولیس نے بیرون ملک بسنے والے پاکستانی شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کی ہے

اس موقع پر خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور کا کہتا تھا کہ ’ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ خیبر پختونخوا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں۔‘
’خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے اور انہیں درکار تمام سہولیات کی فراہمی کے لے پرعزم ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے وقت اور وسائل کی بچت ہو گی۔‘

شیئر: