Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیر افضل مروت اور پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم آمنے سامنے کیوں؟

پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے شاہد آفریدی سخت تنقید کی زد میں ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے خلاف جاری سوشل میڈیا ٹرولنگ کی مذمت کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب صدر شیر افضل مروت اپنی ہی پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم کے نشانے پر ہیں۔
سوشل میڈی ایپ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر گذشتہ کچھ دنوں سے شاہد آفریدی سے منسوب پی ٹی آئی اور عمران خان کے متعلق مبینہ بیانات وائرل ہوئے۔ اس کے ردعمل میں پی ٹی آئی کے حمایتی اکاونٹس کی جانب سے شاہد آفریدی پر سخت تنقید کی جا رہی تھی۔
اسی معاملے پر سنیچر کو شیر افضل مروت نے اپنے ایکس اکاونٹ پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے شاہد آفریدی کے متعلق سوشل میڈیا ٹرولنگ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے لکھا تھا ک ہ’اب شاہد آفریدی کے 9 مئی کو ایک مبینہ بیان کی وجہ سے ان کے خلاف مہم چل رہی ہے۔ میں نے شاہد آفریدی کے خلاف مجھ سے منسوب چند بیانات دیکھے۔ اس لیے ہمیں جھوٹی خبروں کی تردید کرنی چاہیے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’شاہد آفریدی کی جانب سے ایسا کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور ایسا لگتا ہے کہ کچھ عناصر ان کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ شاہد آفریدی ایک زندہ لیجنڈ ہے۔ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیموں سے گزارش ہے کہ شاہد آفریدی کے بارے میں اچھی باتیں پھیلائیں۔ ہمیں مستقبل میں پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ہونے والے جھوٹے پروپیگنڈے پر بھی تیزی سے ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت ہے۔‘
اس ٹویٹ کے بعد پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے تنقید کا رخ اپنی ہی جماعت کے نائب صدر شیر افضل مروت کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ صبغت اللہ ورک نے شیر افضل مروت کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے ایکس پر اپنے جذبات کا اظہار کچھ یوں کیا ’تحریک انصاف کی جس سوشل میڈیا ٹیم کے لیے آپ نے پراپیگنڈہ کی اصطلاح استعمال کی ہے وہ بانی چیئرمین عمران خان اور ان ہزاروں بے گناہ کارکنان اور قائدین کی آواز ہے جو اپریل 2022 سے بدترین ریاستی عتاب اور مکروہ پراپیگنڈے کی زد میں ہیں۔‘
ایکس صارف عنایت خان تاجک نے شیر افضل مروت کے بیان کے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’شیر افضل نے انتہائی باریک واردات ڈالی ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے جیسے آفریدی کے خلاف مہم پی ٹی ٹی سوشل میڈیا ٹیم نے شروع کی ہو۔‘
پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے اہم رکن اظہر مشوانی نے ایکس پوسٹ پر لکھا کہ ’پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم (آفیشل اکاؤنٹ) عمران خان کے بیانیے کو آگے بڑھاتے ہیں نا کہ پراپیگنڈا کرتے ہیں۔‘
جبکہ دوسری طرف پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ساتھ اظہار یکجہتی کی جا رہی ہے۔
سابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کہتے ہیں کہ ’میں پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی تعریف کرنے والی بہت سی پوسٹ دیکھ رہا ہوں۔ مجھے ان کے عمدہ کام میں کبھی کوئی کمی نہیں نظر آئی۔‘
شاہ محمود قریشی کے بیٹے اور رکن قومی اسمبلی زین حسین قریشی لکھتے ہیں کہ ’میں پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جو ہمیشہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کے نظریے کو پیش کرنے کے لیے فرنٹ لائن کا کردار ادا کرتے ہیں۔‘
سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و رہنما پا کستان تحریک انصاف قاسم خان سوری نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ’پاکستان تحریکِ انصاف کی سب سے بڑی طاقت اس کا سوشل میڈیا اور پوری دنیا میں موجود لاکھوں رضا کار ہیں۔‘
دریں اثنا شیر افضل مروت اور پی ٹی آئی پنجاب کے سیکٹری انفارمیشن شوکت بسرا اس وقت آمنے سامنے آگئے جب شیر افضل مروت نے ایک ٹالک شو میں پی ٹی آئی میں فاروڈ بلاک بننے کے بیان کا اظہار کیا تھا۔ 
شوکت محمود بسراء نے فارورڈ بلاک کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، سب نے ووٹ بانی چیئرمین کو دیا ہے۔ بانی چیئرمین کو چھوڑنے والوں کا حال پرویز خٹک اور محمود خان جیسا ہوگا۔‘
جبکہ شیرافضل نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں فارورڈ بلاک کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہمارے ایم پی ایز کو پنجاب میں توڑا جارہا ہے، فارورڈ بلاک پی ٹی آئی میں ہے جس کا 15 دن پہلے پتہ چلا۔‘

شیئر: