Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشکول نہ بھی لے جائیں تو اگلے سمجھتے ہیں بغل میں ہو گا: شہباز شریف

وزیراعظم نے ٹیکس پیئرز کے لیے آنر کارڈ اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کے لیے بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان بھی کیا (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے بہترین کارکردگی کی حامل خواتین کے لیے بلیو پاسپورٹ اور ٹیکس پیئرز کو آنر کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں ٹیکس ایکسی لینس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم کب تک قرضے لے کر زندگی گزارتے رہیں گے معاشی استحکام کے لیے ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے جا رہے ہیں۔
ان کے مطابق ’ قرضے لے کر تنخواہوں کی ادائیگیاں کی جا رہی ہیں اور ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں۔‘
شہباز شریف نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو گیا ہے اور اگلے ماہ قسط مل جائے گی۔
انہوں نے قرضوں سے نکل کر شرح نمو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’آج کہیں کشکول نہ بھی لے کر جائیں تو اگلے سمجھتے ہیں کہ بغل میں کشکول ہو گا۔‘
وزیراعظم کے اس جملے پر دبی سی ہنسی بھی سننے کو ملی جس پر شہباز شریف نے کہا کہ ’یہ ہنسنے نہیں بلکہ گریبان میں جھانکنے کی بات ہے۔‘
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ہمیں آئی ایم ایف پروگرام کے ساتھ ساتھ آگے بھی بڑھنا ہے۔
شہباز شریف کے مطابق معاشی استحکام کے لیے ہم کو آئی ایم ایف کے ساتھ ایک اور معاہدہ بھی کرنا پڑے گا، اس کے بغیر گزارا نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کو بہترین ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شیئر: