Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں چار افراد ہلاک، 17 زخمی

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ بیان کے مطابق ’حملے میں الاقصیٰ ہسپتال کی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا‘ (فوٹو:اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ غزہ کے ایک ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں چار افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئسس نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ الاقصیٰ ہسپتال میں حملے کا مشاہدہ عالمی ادارہ صحت کی ایک ٹیم نے کیا جو وہاں ضروریات کا جائزہ لینے اور غزہ کے شمال کے لیے انکیوبیٹر لینے کے لیے بھیجی گئی تھی۔
اسرائیلی فوج نے ہسپتال پر حملے کی تردید کی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے لکھا کہ ’ڈبلیو ایچ او کی ایک ٹیم غزہ کے الاقصیٰ ہسپتال میں انسانی ہمدردی کے مشن پر تھی جب ہسپتال کے احاطے میں ایک کیمپ اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بن گیا۔‘
ایکس پر پوسٹ کیے گئے پیغام میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کے ایک طیارے نے اسلامک جہاد کے آپریشنل کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا اور دیر البلاح کے علاقے میں الاقصیٰ ہسپتال کے صحن میں موجود دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق ’اس حملے میں الاقصیٰ ہسپتال کی عمارت کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور اس کا کام متاثر نہیں ہوا۔‘
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئسس نے مریضوں، صحت کے شعبے سے منسلک پیشہ ور افراد اور امدادی کارکنوں کو جنگ کے دوران تحفظ فراہم کرنے اور ہسپتالوں پر حملے روکنے کی اپیل دہرائی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم ایک بار پھر مریضوں، صحت کے عملے اور انسانی ہمدردی کے مشن کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہسپتالوں پر جاری حملے اور عسکریت پسندی کو روکنا چاہیے۔ بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کرنا چاہیے۔‘
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل کریں جس میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شیئر: