’ٹیسلا کِلر‘ چینی کمپنی بی وائی ڈی پاکستان میں کون سی الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروا سکتی ہے؟
پیر 15 اپریل 2024 14:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بی وائے ڈی پاکستان میں مقامی طور پر الیکٹرک گاڑیاں تیار کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
چین کی سب سے بڑی الیکٹرک کار کمپنی بی وائی ڈی (بلڈ یور ڈریمز) نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دلچسپی ظاہر کی ہے۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق بی وائی ڈی پاکستان میں میگا کانگلومیریٹ نامی مقامی پارٹنر کے ساتھ مل کر الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروائے گی۔
بی وائی ڈی پاکستان میں مقامی طور پر الیکٹرک گاڑیاں تیار کرے گی، جس کے بعد پاکستان رائٹ ہینڈ ڈرائیو گاڑیاں ایکسپورٹ کر سکے گا۔
گذشتہ ماہ چین میں منعقد ہونے والی ایشیا پیسیفک ڈیلر کانفرنس میں میگا کانگلومیریٹ اور بی وائی ڈی کے درمیان معاہدے پر دستخط بھی ہو چکے ہیں۔
میگا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر علی خان کے مطابق 2024 میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بی وائی ڈی کے تین شو رومز قائم کیے جائیں گے جہاں سے صارفین الیکٹرک گاڑیاں خرید پائیں گے۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروانے کا معاہدہ تو ہو چکا ہے تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ کمپنیاں پاکستان میں کب کام شروع کریں گی اور بی وائی ڈی الیکٹرک گاڑیوں کے کون سے ماڈلز متعارف کروائے جائیں گے۔
پاکستان کی آٹوموبیل ویب سائٹ پاک ویلز کے اندازے کے مطابق بی وائی ڈی ممکنہ طور پاکستان میں درج زیل ماڈلز لانچ کر سکتی ہے۔
بی وائی ڈی ڈالفن
یہ الیکٹرک گاڑی ایک ہیچ بیک ہے، جسے دنیا کی ایک سستی ای وی ہیچ بیک سمجھا جاتا ہے۔ اس گاڑی کے برطانوی ویرینٹس میں 44.9 اور 60.4 کلو واٹ کے بیٹری پیکس نسب ہیں جو 300 سے 426 کلومیٹر کی رینج مہیہ کرتے ہیں۔
لویر ٹرم میں یہ گاڑی 93 ہارس پاور جبکہ ہائی ٹرم میں 201 ہارس پاور پیدا کرتی ہے۔ یہ گاڑی 7 سیکنڈز میں صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی حامل ہے۔
نئی ڈولفن ای وی کی چین میں قیمت 99,800 یوآن ($13,865) ہے۔
بی وائی ڈی آٹو 3
یہ گاڑی سی سگمنٹ کراس اوور ایس یو وی ہے جو آل ویل ڈرائیو اور فرنٹ ویل ڈرائیو کے دو ویرینٹس میں آتی ہے۔ اس کا بیس ویرینٹ افرنٹ ویل ڈرائیو ہے اور 60 کلو واٹ آر بیٹری پیک کے ساتھ آتا ہے جو 201 ہارس پاور پیدا کرتا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں آٹو 3 کی قیمت 119,800 یوآن ($16,644) سے شروع ہوتی ہے۔
بی وائی ڈی سیل
پاک ویلز کے مطابق صرف 3.8 سیکنڈز میں 0 سے 100 کلومیٹر کی رفتار کو چھونے والی یہ گاڑی اگر پاکستان میں لانچ کی جاتی ہے تو یہ مارکیٹ کی تیز ترین سیڈان میں سے ایک ہوگی۔
گاڑیوں کے بین الاقوامی ریویرز اسے بی ایم ڈبلیو آئی 4، ٹیسلا ماڈل 3، ہیونڈائے IQNIQ 6 اور آؤڈی ای ٹرون جی ٹی کے مقابلے میں رکھتے ہیں۔
یہ گاڑی انٹرنیشنل مارکیٹ میں آل ویل اور ریئر ویل ویرینٹس میں دستیاب ہے اور دونوں ویرینٹس 82.5 کلو واٹ کی بیٹری رکھتے ہیں۔ ریئر ویل ڈرائیو ویرینٹ کی قیمت 57 ہزار ڈالر ہے جو 570 کلومیٹر کی رینج مہیہ کرتا ہے۔
آل ویل ڈرائیو ویرینٹ 3 ہزار 700 ڈالر مہنگا ہے جو 519 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتا ہے۔
بی وائی ڈی 7 ٹانگ
یہ الیکٹرک گاڑی 7 سیٹر ایم پی وی کیمپر ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹس میں یہ تین ویرینٹس میں آتی ہے۔ اس کے 600 کلومیٹر رینج کے ماڈل کی قیمت 34 ہزار ڈالر 730 کلومیٹر رینج ماڈل 37 ہزار ڈالر اور 635 کلومیٹر 4×4 ماڈل 41 ہزار ڈالر ہے۔
واضح رہے تاحال بی وائی ڈی اور میگا کانگلومیریٹ نے اس حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا کہ کون سی گاڑیاں پاکستانی مارکیٹ میں لانچ کی جائیں گی۔
بی وائی ڈی نہ صرف چین بلکہ دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں میں سر فہرست تصور کی جاتی ہے اور ماہرین اس کو ’ٹیسلا کلر‘ کا نام بھی دے رہے ہیں۔
اس کی بنیاد 1995 میں بیٹری بنانے والی کمپنی کے طور پر رکھی گئی تھی اور اس نے 2007 میں ایک آٹو شو کے دوران اپنا پہلا الیکٹرک کار ماڈل متعارف کروایا تھا جس پر تجزیہ کاروں اور حریفوں نے اس کمپنی کے بارے میں غیرسنجیدہ رویہ اپنایا تھا۔
سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق، بی وائی ڈی نے سال 2023 میں 30 لاکھ سے زیادہ گاڑیاں تیار کرنے کے بعد مسلسل دوسرے سال امریکی کمپنی ٹیسلا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔