288 رنز کا ہدف اور ’47 کروڑ بینچ پر‘ رائل چیلنجرز مہنگے کھلاڑیوں کو آرام دینے پر تنقید کی زد میں
بدھ 17 اپریل 2024 23:28
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سن رائزر کے خلاف میچ میں رائل چیلنجرز نے 4 کھلاڑیوں کو آرام دے رکھا تھا (فوٹوز: اے ایف پی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور حال ہی میں سن رائزرز حیدر آباد سے میچ میں شکست کے بعد ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ چکی ہے۔
پیر کو ہونے والے آئی پی ایل میچ میں سن رائزرز حیدرآبد نے رائل چیلنجرز کو پہاڑ جیسا 288 رنز کا ہدف دیا تھا جو آئی پی ایل میں آج تک کا سب سے بڑا سکور ہے۔ اس کے جواب میں رائل چیلنجرز 262 رنز ہی بنا پائے تھے۔
میچ میں شکست کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹیم کو کافی ٹرول کیا گیا لیکن حال ہی میں انڈین میڈیا پر خبر سامنے آئی ہے کہ میچ کے دوران رائل چیلنجرز نے اپنے چار سب سے قیمتی کھلاڑیوں کو آرام دے رکھا تھا۔
ان مہنگے ترین کھلاڑیوں میں گلین میکسویل، کیمرون گرین، الزاری جوزف، محمد سراج شامل تھے، جنہیں آرام دیے جانے پر رائل چیلنجرز کے فینز نے ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
کیمرون گرین کو ممبئی انڈینز سے 17.5 کروڑ میں خریدا گیا تھا جبکہ الزاری جوزف کو 11.5 کروڑ، میکسویل کو 11 کروڑ اور سراج کو 7 کروڑ میں خریدا گیا تھا۔
سب سے پہلے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سابق انڈین بیٹر ابھینو موکنڈ نے ایک پوسٹ کرتے ہوئے اس بات کی طرف توجہ دلائی اور لکھا ’ 17.5+11.5+11+7 بینچ پر۔‘
جہاں تین کھلاڑیوں کو ٹیم کی انتظامیہ نے آرام دے رکھا تھا وہیں گلین میکسویل انگوٹھے میں انجری کے باعث میچ سے دستبردار ہوئے اور میچ کے بعد ذہنی اور جسمانی سکون کے لیے بریک لینے کا اعلان کر دیا۔
بنگلور میں آر سی بی اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان کھیلا گیا میچ بولرز کے لیے بھیانک سفر ثابت ہوا تھا، اور ایسے میں ٹیم کے قیمتی ترین کھلاڑیوں کو بینچ پر بٹھائے رکھنا ٹیم انتظامیہ کو شدید تنقید کی زد میں لے آیا ہے۔
سن رائزرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے تھے۔
سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 41 گیندوں پر 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے جبکہ ہینریک کلاسین نے 67 اور عبدالصمد نے 37 رنز بنائے۔
288 رنز کے ہدف کے جواب میں آر سی بی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے۔
آر سی بی کی جانب سے دنیش کارتھک نے 83، کپتان فاف ڈو پلیسی نے 62 جبکہ وراٹ کوہلی نے 42 رنز بنائے۔
اس میچ میں مجموعی طور پر 549 رنز بنے جو کے ٹی20 میچ میں سب سے زیادہ رنز بننے کا نیا ریکارڈ ہے۔
خیال رہے کہ آر سی بی نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں اب تک 7 میچ کھیلے ہیں جس میں اسے 6 میں شکست جبکہ ایک میچ میں جیت حاصل ہوئی۔