Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شدید بارش کے بعد دبئی ایئرپورٹ 24 گھنٹوں میں مکمل بحال ہو جائے گا‘

حکام کے مطابق ’ایئرپورٹ کے آپریشنز معمول کے مطابق بحال ہونے کے بعد نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے چیف آپریٹنگ آفیسر ماجد الجوکر کا کہنا ہے کہ ’دبئی کا بین الاقوامی ایئرپورٹ 24 گھنٹوں میں اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ بحال ہو جائے گا۔‘
جمعرات کو متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’شدید بارشوں کے باعث روکی گئی فلائٹس کو روانہ کرنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑی۔‘
ماجد الجوکر نے العربیہ ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ ’ایک مرتبہ ایئرپورٹ کے آپریشنز معمول کے مطابق بحال ہو جائیں تو پھر نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا۔‘
اس سے قبل ایمریٹس ایئرلائنز نے غیر معمولی موسمی حالات کے بعد جمعرات کو ہی دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آپریشن بحال کر دیے تھے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دبئی کی ایئرلائن نے مسافروں کو ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایئرلائن نے صرف اُن مسافروں کو ایئرپورٹ پہنچنے کا کہا ہے جن کی بکنگ کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ایمریٹس کا کہنا ہے کہ ’جن مسافروں کی پروازیں منسوخ ہوئی ہیں وہ رابطہ کر کے نئی بکنگ کرائیں۔‘
’دو دن کے تعطل کے باعث دبئی ایئرپورٹ پر مسافروں کا رش ہے جس وجہ سے پروازیں تاخیر کا شکار ہوسکتی ہیں۔‘
واضح رہے کہ ایمریٹس ایئرلائن نے غیرمعمولی موسمی حالات کے باعث دبئی ایئرپورٹ سے آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا تھا جو دو دن کے وقفے کے بعد بحال ہوا ہے۔

شیئر: