سعودی عرب کی پولیو کے خاتمے اور لاکھوں افراد کو غربت سے نکالنے کےلیے امداد
مرکز اور بل و میلنڈا گیٹس فاونڈیشن نے مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا کہنا ہے ’مملکت کی جانب سے 33 ممالک میں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور لاکھوں خاندانوں کی مالی مدد کےلیے 600 ملین ڈالر سالانہ خرچ کیے جاتے ہیں‘۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے رکن ممالک کے لاکھوں غریب خاندانوں کی امداد شاہ سلمان مرکز اور بل ومیلینڈا گیٹس فاونڈیشن کے تعاون سے کی جارہی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق شاہ سلمان مرکز اور بل و میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے مابین مشترکہ تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے گئے۔
اس موقع پرشاہ سلمان مرکز کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ جبکہ بیل گیٹس فاونڈیشن کے شریک چیئرمین موجود تھے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت سعودی عرب آئندہ پانچ برسوں کے دوران انسداد پولیو کی عالمی مہم کےلیے 500 ملین امریکی ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔
بل و میلنڈا گیٹس فاونڈیشن عالمی ادارہ صحت و یونیسیف کے تعاون سے پولیو ویکسین ضرورت مند ممالک کو فراہم کی جائے گی۔
شاہ سلمان مرکز کی جانب سے غربت کے خاتمے کےلیے 100 ملین ڈالر کا فنڈ جاری کیا جائے گا جس کے تحت اسلامی ترقیاتی بینک کے 33 رکن ممالک میں ضرورت مند خاندانوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں ان ممالک میں چھوٹے مزارعین کو مالی تعاون اور ان ممالک میں وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔
افغانستان میں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کےلیے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے تین ملین ڈالر جبکہ بل گیٹس فاونڈیشن کی جانب سے 15 ملین ڈالر انسداد پولیو فنڈ کے لیے دیے جائیں گے۔
غزہ پٹی میں انسانی بنیاد پرخصوصی مہم کے تحت سعودی عرب کی جانب سے 4 ملین ڈالر جبکہ بل اور امیلنڈا گیٹس فاونڈیشن کی جانب سے بھی چار ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔
یہ فنڈ صحت، سیوریج اور پانی کی مد میں خرچ کیا جائے گا۔