Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا۔
میچ کے ہاف ٹائم تک دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں اور میچ بغیر کسی سکور کے برابر رہا۔
تاہم نیوزی لینڈ نے 35ویں منٹ میں برتری حاصل کر لی جب لیوک ہومز نے گول سکور کیا، لیکن آٹھ منٹ بعد پاکستان کے ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
اس سے قبل بدھ کو کینیڈا کو شکست دینے کے بعد پاکستان پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ سنیچر کے روز جاپان سے ہوگا۔
اس سے قبل ٹورنامنٹ میں پاکستان کا جاپان کے خلاف میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔  جبکہ پاکستان نے کوریا اور ملائشیا کے خلاف میچز میں فتح حاصل کی تھی۔ 
خیال رہے کہ 4 سے 11 مئی تک جاری رہنے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائشیا، پاکستان، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں شریک ہیں۔
پاکستان تاحال اس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا ہے اور 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ اس سے قبل 29 ویں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے برونز میڈل حاصل کیا تھا۔

شیئر: