Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے بچے کا تابوت جہاز میں رکھنا بھول گئی، سکردو میں لواحقین کا احتجاج

بچے کے لواحقین کو سکردو پہنچ کر پتا چلا کہ میت اسلام آباد سے جہاز میں رکھی ہی نہیں گئی (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی اسلام آباد سے سکردو کے لیے پرواز ایک بچے کی میت کو پیچھے چھوڑ کر اپنی منزل پہنچ گئی۔
یہ واقعہ جمعے کو پیش آیا جب بچے کے لواحقین اس کی میت کو آبائی علاقے کھرمنگ لے جا رہے تھے۔
سکردو کے علاقے کھرمنگ سے تعلق رکھنے والے شہری کا چھ سالہ بیٹا مجتبیٰ گزشتہ روز راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں انتقال کر گیا تھا۔
سکردو کے صحافی سرور سکندر نے اس بارے میں لکھا کہ ’لواحقین نے میت کو پی آئی اے کارگو میں بُک تو کیا تھا لیکن اسے جہاز نہیں رکھا گیا۔‘
پی آئی اے انتظامیہ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کا تعین کیا جائے گا۔
May be an image of 9 people
سکردو ایئرپورٹ پر بچے کے لواحقین نے احتجاج کیا ہے (فوٹو: فیس بک سرور سکندر)

سرور سکندر کے مطابق ’پی آئی اے کی پرواز نے میت اسلام آباد ایئرپورٹ پر چھوڑ کر لواحقین کو سکردو پہنچا دیا جس پر لواحقین میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔‘
’جب والدین کو پتا چلا کہ بچے کی میت سکردو نہیں پہنچی تو وہ غم سے نڈھال ہو کر بے ہوش ہو گئے۔‘
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔ غفلت کے مرتکب عملے کو سخت سزا دی جائے گی۔
بیان کے مطابق میت کو کارگو ٹرمینل کولڈ سٹوریج منتقل کر دیا گیا ہے۔ لواحقین کے خاندان کے تین افراد کو سکردو سے اسلام آباد لایا جا رہا ہے۔ کل تینوں افراد میت کے ساتھ دوبارہ گلگت روانہ ہوں گے۔

شیئر: