Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واشنگٹن میں لاہور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکی شہری کی پراسرار موت

موقع پر موجود عملے نے جب زندگی کی کوئی علامت نہ دیکھی تو انہیں وہیں مردہ قرار دے دیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں رواں ہفتے فائر بریگیڈ کو رات کے تقریباً ساڑھے تین بجے ایک اپارٹمنٹ کی راہداری سے دھوئیں کی اطلاع ملی اور جب وہ وہاں پہنچے تو انہیں ایک شخص مردہ حالت میں ملا جس کی شناخت 40 سالہ سید حماد حسین کے نام سے ہوئی جو پاکستانی نژاد امریکی شہری تھے۔
مقامی پولیس کے مطابق ابتدائی معائنے میں ان کے جسم پر بَلنٹ فورس ٹراما یعنی زوردار چوٹوں اور تھرمل انجریز یعنی آگ یا حرارت سے ہونے والے زخموں کے نشان پائے گئے۔ موقع پر موجود عملے نے جب زندگی کی کوئی علامت نہ دیکھی تو انہیں وہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
واقعے کی سنگینی دیکھتے ہوئے معاملہ فوراً ہومی سائیڈ یونٹ کے سپرد کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق تاحال کوئی مشتبہ شخص سامنے نہیں آیا، تاہم تفتیش تیزی سے جاری ہے۔
تحقیقات میں پیش رفت اُس وقت ہوئی جب سراغ رساں ٹیم نے نزدیک کی عمارت کے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حماد حسین تین دیگر افراد جن میں ممکنہ طور پر ایک عورت بھی شامل ہے—کے ساتھ عمارت میں داخل ہوئے تھے۔ کچھ دیر بعد یہی افراد عمارت سے بھاگتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی بھی معلومات ہوں تو وہ فوراً رابطہ کریں۔ مزید برآں میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایسی اطلاع دینے والے کو25 ہزار ڈالر تک انعام کی پیشکش کی ہے جو ملزمان کی گرفتاری اور سزا دلوانے میں مدد دے۔
حماد حسین کا خاندان لاہور سے تعلق رکھتا ہے اور وہ واشنگٹن میں مقیم ہیں۔ ان کی نمازِ جنازہ سنیچر کی دوپہر 12:30 بجے دارالہجرہ اسلامک سینٹر، فالز چرچ، ورجینیا میں ادا کی جائے گی۔

 

شیئر: