اسلام آباد: عمران خان کا مکمل علاج نہ کرانے پر اپوزیشن کا دھرنا، ’ہمارا کھانا اور پانی بند کر دیا گیا ہے‘
اسلام آباد: عمران خان کا مکمل علاج نہ کرانے پر اپوزیشن کا دھرنا، ’ہمارا کھانا اور پانی بند کر دیا گیا ہے‘
ہفتہ 14 فروری 2026 11:45
ثوبان افتخار راجہ -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا مکمل علاج کروانے کے لیے جمعے کو شروع ہونے والا اپوزیشن کا دھرنا دوسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ہمراہ ’تحریک تحفظ آئین پاکستان‘ کے پلیٹ فارم سے یہ احتجاج کر رہی ہے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے عمران خان کے ساتھ ملاقاتوں پر عائد پابندی ختم کرنے اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے مطالبات کے ساتھ پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کی کال دی تھی جس میں اپوزیشن اراکین کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔
اس کال کے بعد اسلام آباد پولیس نے ریڈزون میں واقعہ پارلمینٹ لاجز، خیبر پختونخوا ہاؤس اور پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود پارلیمنٹرینز کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچنے سے روکنے کے لیے تینوں جگہوں کو بند کر دیا تھا۔
پولیس کے اس اقدام کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے تینوں جگہوں یعنی پارلمینٹ لاجز، خیبر پختونخوا ہاؤس اور پارلیمنٹ ہاؤس میں دھرنا دے دیا تھا۔
’تحریک تحفظ آئین پاکستان‘ کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی نے بتایا ہے کہ وہ 40 سے 50 افراد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں محصور ہیں اور ان تک کھانے پینے کی اشیا کے علاوہ ادویات تک نہیں پہنچنے دی جا رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم گذشتہ 24 گھنٹوں سے عمران خان کی الشفاء آئی ہسپتال میں فوری منتقلی کے لیے دھرنے پر ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے ہمارا سب کچھ بند کر رکھا ہے، ہمیں کھانا اور پانی فراہم نہیں کیا جا رہا۔ خیبر پختونخوا ہاؤس سے ہمیں کھانا فراہم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔‘
دوسری جانب سنیچر کو اپوزیشن رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی کھانا اور پانی لے کر پارلیمنٹ پہنچے لیکن انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پارلیمنٹ میں موجود دوستوں کے لیے کھانا اور پانی پہنچانے آیا ہوں۔ اگر مجھے اندر جانے کی اجازت نہیں بھی دی جا رہی تو کوئی بات نہیں، لیکن کھانے اور پانی کو اندر جانے سے روکنا انتہائی بے حسی ہے۔‘
اپوزیشن ارکان نے الزام لگایا ہے کہ پولیس اُن تک کھانا اور پانی پہنچنے سے روک رہی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
عوام پاکستان پارٹی کا اپوزیشن کے دھرنے میں شرکت کا اعلان
عوام پاکستان پارٹی نے ’تحریکِ تحفظِ آئین‘ کے پلیٹ فارم سے جاری دھرنے میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے تمام مرکزی و علاقائی رہنماؤں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر دھرنے میں شرکت یقینی بنائیں۔
ترجمان عوام پاکستان ڈاکٹر ظفر مرزا کے مطابق سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر پارٹی قیادت احتجاج میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس روانہ ہو گئی۔
دھرنے میں عوام پاکستان کی نمائندگی مرکزی ترجمان ڈاکٹر ظفر مرزا کر رہے ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی مقامی قیادت بھی موجود ہے۔
ان کے مطابق ’آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کا تحفظ ان کی جماعت کی اولین ترجیح ہے۔ اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ نے ریڈزون کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور خیبر پختونخوا ہاؤس جانے والے تمام راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔‘
’ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ’ہم پرامن احتجاج کے ذریعے اپنے مطالبات پیش کریں گے اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘