Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لوگ سمجھے جان ابراہم میری گرل فرینڈ لے اُڑا‘ ڈینو موریا کی وضاحت

ڈینو موریا نے کہا ’جب ہم فلم ’گناہ‘ میں کام کر رہے تھے تو وہ بہت مشکل وقت تھا ‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
بالی وُڈ کے مشہور اداکاروں کے درمیان نوک جھونک اور بعض اوقات جھگڑا ہونا ایک معمول کی بات رہا ہے لیکن اب کم ہی ایسی کوئی کہانی سننے کو ملتی ہے۔
شوبز کی معروف ویب سائٹ ‘کُوئی مُوئی‘ نے افواہوں میں رہنے والی ایسی ہی ایک لڑائی کا ذکر کیا ہے جو مشہور اداکار ڈینو موریا اور جان ابراہم کے درمیان ہوئی۔
یہ تب کی بات ہے جب یہ دونوں ماڈلنگ کیا کرتے تھے اور پھر اداکارہ بپاشا باسو ان کے درمیان آ گئیں۔
بپاشا باسو اور ڈینو موریا کے تعلقات ختم ہوئے تو اداکارہ نے جان ابراہم کو ڈیٹ کرنا شروع کر دیا۔
اس بارے میں سدھارتھ کنن سے گفتگو کرتے ہوئے ڈینو موریا نے بتایا کہ ’ہمارے درمیان کوئی دشمنی نہیں رہی۔ ہم ایک دوسرے سے بات چیت اور مذاق کرتے رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہماری رنجش کی بات لوگوں کے ذہنوں میں اس وقت آئی جب میرا بپاشا سے بریک اپ ہوا اور جان ابراہم نے انہیں ڈیٹ کرنا شروع کیا۔ اس وقت لوگوں کو لگا کہ وہ میری گرل فرینڈ کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔ پھر میڈیا نے بھی اس معاملے کو بہت ہوا دی۔‘
’لیکن حقیقت میں کوئی رنجش یا جھگڑا نہیں تھا۔ ہم دونوں اپنے اپنے راستوں پر گامزن تھے۔‘
Bipasha Basu drops pics from her birthday celebration | Nepalnews
ڈینو موریا سے بریک اپ کے بعد بپاشا باسو کے تعلقات جان ابراہام سے قائم ہوئے (فائل فوٹو: بپاشا باسو)

ڈینو موریا نے کہا کہ ’ابھی کل ہی میں نے جان ابراہم کو ٹیکسٹ میسیج کیا ہے جس میں انہیں بائیک رائیڈ یا کافی کے لیے چلنے کا پوچھا ہے۔‘
’جان ابراہم آج جس مقام پر ہیں، مجھے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کیونکہ جب ہم نے آغاز کیا تھا تو لوگ کہتے تھے ماڈلز اداکاری نہیں کر سکتے اور ہم نے اس تأثر کو غلط ثابت کر کے دکھایا۔‘
’جان ابراہم نے بہت شاندار کام کیا ہے۔ میں ان کے لیے احترام کے جذبات رکھتا ہوں۔‘
John Abraham's friend blames Bipasha Basu for break-up
ڈینو موریا نے کہا کہ ’م تینوں آپس میں بات چیت کرتے تھے لیکن لوگوں نے اسے کچھ اور ہی بنا لیا‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)

ڈینو موریا نے کہا کہ وہ کئی برسوں بعد وضاحت کر رہے ہیں کہ جب ان کا اور بپاشا کا بریک ہوا تو اس کے بعد اداکارہ نے جان ابراہم کو ڈیٹ کرنا شروع کیا۔
’پھر میں کسی اور کو ڈیٹ کرنے لگا۔ تو پھر دشمنی کیسی۔‘
’لوگ سمجھے کہ جان ابراہم میری گرل فرینڈ لے اڑا ہے حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہوا تھا۔ ہم تینوں آپس میں بات چیت کرتے تھے لیکن لوگوں نے اسے کچھ اور ہی بنا لیا۔‘
’راز‘ فلم کے اداکار نے اسی انٹرویو میں آگے چل کر بتایا کہ انہیں بپاشا سے ایک مشترک دوست نے بلائنڈ ڈیٹ پر ملوایا تھا۔ اس وقت وہ دونوں ماڈلنگ کرتے تھے اور بعد میں اس جوڑی نے ’راز‘ اور ’گناہ‘ میں اکٹھے کام کیا۔‘
ڈینو موریا نے کہا کہ ’راز کے بعد جب ہم ’گناہ‘ میں کام کر رہے تھے تو وہ بہت مشکل وقت تھا کیونکہ ہم بریک اَپ کر رہے تھے۔ تعلق اب ختم ہو چکا تھا۔‘

شیئر: