ہواوے سے سخت ترین مقابلہ، چین میں ایپل نے آئی فونز کی قیمتوں میں کمی کر دی
ایپل پر چین میں مقابلے کا دباؤ گزشتہ ماہ ہواوے کی جانب سے اپنے ہائی اینڈ سمارٹ فونز پیورا 70 کی سیریز لانچ کرنے کے بعد پڑا (فوٹو: اے ایف پی)
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چین میں اپنے حریف ہواوے کے ساتھ سخت مقابلے کے باعث آئی فونز کی قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایپل نے چین میں اپنے آفیشل ٹی مال سائٹ میں مخصوص آئی فون ماڈلز پر 2300 یوان یعنی 318 ڈالر تک کی رعایت دے دی ہے۔
ایپل کی جانب سے آئی فونز کی قیمتوں میں رعایت کا یہ فیصلہ چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ سخت ترین مقابلے کے بعد کیا گیا ہے۔
ایپل کی جانب سے سستے آئی فونز بیچنے کی مہم 20 مئی سے 28 مئی تک جاری رہے گی۔
اس سے قبل رواں برس فروری میں ایپل نے چین میں آئی فونز کی قیمتوں میں کمی کی تھی تاہم اس وقت آئی فونز پر زیادہ سے زیادہ ڈسکاؤنٹ 1150 یوان دیا گیا تھا۔
اس مرتبہ آئی فونز پر 2300 یوان تک کی رعایت دی جا رہی ہے۔
ایپل کی جانب سے سب سے زیادہ رعایت آئی فون 15 پرو میکس کے ون ٹی بی ماڈل پر دی جا رہی ہے جبکہ دیگر ماڈلز پر بھی بڑا ڈسکاؤنٹ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
آئی فون 15 کے 128 جی بی ویریئنٹ والے ماڈلز پر 1400 یوان تک کا ڈسکاؤنٹ مل رہا ہے۔
ایپل پر چین میں مقابلے کا دباؤ گزشتہ ماہ ہواوے کی جانب سے اپنے ہائی اینڈ سمارٹ فونز پیورا 70 کی سیریز لانچ کرنے کے بعد پڑا۔
اس سیریز سے قبل ہواوے نے گزشتہ سال اگست میں اپنی میٹ 60 سیریز لانچ کی تھی۔