Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون 16: کم روشنی میں اعلیٰ کوالٹی کی تصاویر؟

آئی فون کی نئی سیریز کے پِری آرڈرز 15 ستمبر سے کیے جا سکیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
 دنیا بھر میں آئی فون کے دلدادہ اس کی ’15 سیریز‘ کا شدت سے انتظار تو کر ہی رہے ہیں لیکن آئی فون 16 کے لیے اس سے بھی زیادہ بے چینی پائی جا ر ہی ہے۔
حیرت کی بات یہ ہے کہ جہاں ابھی آئی فون 15 سیریز لانچ بھی نہیں ہوئی، وہیں 16 سیریز کے بارے میں ایسی پیش گوئیاں سننے کو مل رہی ہیں کہ شائقین اس ماڈل میں زیادہ دلچسپی لینا شروع ہو گئے ہیں۔
انٹرنیٹ پر جاری ہونے والی رپورٹس کے مطابق آئی فون 16 سیریز کے پرو ماڈلز میں جدید ترین کیمرہ سینسر (سٹیکڈ ریئر کیمرہ سینسر) نصب کیا جائے گا۔ اس جدید سینسر کی مدد سے آئی فون صارفین انتہائی کم روشنی میں بھی اعلیٰ کوالٹی کی تصاویر بنا سکیں گے۔
دوسری جانب رواں برس آئی فون کی نئی فون سیریز آئی فون 15 اور آئی فون 15 پلس میں نئے امیج سینسر کے لگائے جانے کی امید کی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس ماڈلز میں سی آئی ایس ڈیزائن متعارف کروا سکتا ہے۔
یہ وہ فیچر ہے جس سے فون کا کیمرہ اور بھی اچھا ہو جائے گا اور مزید بہتر فوٹوگرافی ہو سکے گی۔
رواں برس ریلیز ہونے والے آئی فون 15  اور 15 پلس فونز میں کمپلیمنٹری میٹل آکسائڈ سیمی کنڈکٹر (سی ایم او ایس) کا سینسر لگایا جائے گا۔ اِس فون میں 48 میگا پکسل کا بیک کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس کے ماڈلز کے لیے سونی سے ایپل کو سپلائی پر تشویش ہے جس کے باعث ایپل نے اِن ماڈلز کو سی آئی ایس ٹیکنالوجی دینے کا ارادہ ترک کر دیا ہے تاہم آئی فون 16 سیریز میں چینی سیمی کنڈکٹر کمپنی وِل سیمی کنڈکٹر کو یہ ٹیکنالوجی دینے کا موقع مل سکتا ہے۔ 
آئی فون 16 سیریز کے بارے میں یہ پیش گوئی بھی کی جا رہی ہے کہ اِس میں بیٹری کو بھی جدت دی جائے گی۔ بیٹری کی جدید ٹیکنالوجی سے بیٹری لائف بڑھے گی۔ صرف یہی نہیں، ایپل کی جانب سے اگلے برس 40 واٹ کا وائرڈ اور 20 واٹ کا وائرلیس چارجر بھی دیے جانے کا امکان ہے۔ 
واضح رہے ایپل کی نئی سیریز آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کا 13 ستمبر بروز بدھ ریلیز ہونے کا امکان ہے جبکہ اس نئی سیریز کے پِری آرڈرز 15 ستمبر سے کیے جا سکیں گے۔

شیئر: