پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اس سے قبل تصدیق کی تھی کہ انجری کے باعث پچھلا میچ مس کرنے والے محمد سلمان اور پاکستانی نژاد برطانوی اوٹِس خان بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
دوسری جانب ایک اور پاکستانی نژاد برطانوی پلیئرعیسیٰ سلیمان حج کی ادائیگی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے سعودی عرب کے خلاف جون میں فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ ٹو کے ہوم میچ کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم کا تربیتی کیمپ پیر سے اسلام آباد میں شروع ہو چکا ہے۔
فیفا کوالیفائر راؤنڈ ٹو کے گروپ جی میں سعودی عرب، تاجکستان، اردن اور پاکستان شامل ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کو اس راؤنڈ کے چاروں میچوں میں شکست کا سامنا رہا ہے۔ پاکستان کو اردن کے خلاف دونوں میچز، سعودی عرب کے خلاف ’اوے میچ‘ اور تاجکستان کے خلاف ہوم میچ میں شکست کا سامنا ہوا تھا۔
پاکستان فٹبال سکواڈ میں شامل ہونے والے میکائیل عبداللہ اور آدم خان کون ہیں؟
انگلش سٹرائکر میکائیل عبداللہ انگلش فٹ بال کے چوتھے ڈویژن (لیگ ٹو) میں مینسفیلڈ ٹاؤن کے لیے کھیلتے ہیں۔ انہیں ایشیا کے سب سے بہترین فٹبال پلیئرز میں سے ایک تصور کیا جاتا ہے۔
سنہ 2022 سے 2023 کے سیزن میں عبداللہ نے مینسفیلڈ ٹاؤن انڈر 19 ٹیم کے لیے تمام میچز میں 25 گول کیے۔ انہوں نے اکیڈمی پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیتا جس کے بعد انہیں پہلا پروفیشنل کنٹریکٹ دیا گیا۔
آٹھ اگست 2023 کو میکائل عبداللہ نے گریمز بی ٹاؤن کے خلاف ای ایف ایل (EFL) کپ کے پہلے راؤنڈ میں متبادل کے طور پر اپنا سینیئر ڈیبیو کیا اور اس کے چار دن بعد مورکیمبے کے خلاف اپنا لیگ ڈیبیو کیا۔
دوسری جانب آدم خان انگلش فٹ بال کلب بلیک برن روورز انڈر 18 کے گول کیپر ہیں جنہیں پاکستانی فٹبال ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
آدم خان ان 12 کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنہوں نے 2022 میں برطانیہ کے روورز کلب کی سکالرشپ حاصل کی تھی۔ انہوں نے کرسٹل پیلس سے شمولیت اختیار کرتے ہوئے جون 2024 تک دو سالہ سکالرشپ معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
کرسٹل پیلس میں شامل ہونے سے پہلے آدم خان لندن کی ٹیم اینفیلڈ بورو کے لیے بطور سٹرائیکر سنڈے لیگ فٹ بال کھیل رہے تھے۔