Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے

ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزرا پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
وزیراعظم محمد شہباز شریف جمعرات کو متحدہ عرب امارات کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ وزیراعظم کا اپنے انتخاب کے بعد متحدہ عرب امارات کا پہلا دورہ ہوگا۔
’وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم وزرا پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی امارات کے صدر اور ابوظبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات متوقع ہے۔
’دونوں رہنما تجارت اور سرمایہ کاری پر خصوصی تبادلہ خیال کریں گے۔‘
دوسری جانب ترجمان وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
’وزیراعظم شہباز شریف کی دیگر اماراتی شخصیات، کاروباری شخصیات اور مالیاتی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔‘
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مذہبی ثقافتی وابستگی سے جڑی ہوئی ہیں۔ متواتر اعلیٰ سطحی تبادلے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی ایک امتیازی خصوصیت ہیں۔
ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کا دورہ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کثیر جہتی دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

شیئر: