اسرائیلی وزیراعظم کا انٹرویو نشر کرنے پر فرانسیسی چینل کے خلاف پیرس میں مظاہرہ
ْانٹرویو میں نیتن یاہو نے غزہ جنگ پر اپنے ملک کا دفاع کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کا انٹرویو نشر کرنے والے فرانسیسی ٹیلی ویژن چینل کے باہر پیرس میں سینکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فلسطینی جھنڈے لہراتے ہوئے مظاہرین نے نجی ٹیلی ویژن نیٹ ورک ’ٹی ایف ون‘ کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے فلسطینیون کا روایتی سکارف کوفیہ بھی پہن رکھا تھا۔
پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی جس نے مظاہرین کو ٹیلی ویژن چینل کی عمارت کے قریب نہیں جانے دیا۔
مظاہرین غزہ کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔
ٹیلی ویژن نیٹ ورک ’ٹی ایف ون‘ کے نیوز چینل ’ایل سی ون‘ پر بنیامین نیتن یاہو کا انٹرویو نشر ہوا تھا جس میں وہ غزہ کی تباہ کن جنگ پر اپنے ملک کا دفاع کر رہے تھے۔
انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا ’( فلسطینی) جنگجوؤں کے نقصانات کے مقابلے میں شہری نقصانات کی شرح سب سے کم ہے جو ہم نے اب تک کسی بھی شہری جنگ میں دیکھی ہے۔‘
نیتن یاہو نے ان دعوؤں کو مسترد کیا کہ اسرائیل شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے یا جان بوجھ کر قحط کی صورتحال برپا کر رہا ہے۔
یہ انٹرویو فرانسیسی چینل نے ایسے وقت پر نشر کیا ہے جب عالمی سطح پر مخالفت کے باوجود اسرائیل نے رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر حملہ کیا جس میں 45 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فرانس کی بائیں بازو کی جماعت ’فرانس ان باؤڈ‘ سے وابستہ ارکان پارلیمان نے چینل کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی جنگ میں کم از کم 36 ہزار 224 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل پر حملے میں حماس نے 252 افراد کو یرغمال بنایا تھا جن میں سے121 ابھی تک غزہ میں ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ان میں سے 37 مارے گئے ہیں۔