ٹی20 ورلڈ کپ میں کون سی ٹیمیں شریک ہیں؟
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان، انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، نیدرلینڈز، پاپوا نیو گنی، جنوبی افریقہ، کینیڈا، امریکہ، ویسٹ انڈیز، عمان، یوگنڈا، نیپال اور نمیبیا کی ٹیمیں شریک ہیں۔
امریکہ، پاپوا نیو گنی اور یوگنڈا کی ٹیمیں پہلی مرتبہ کسی بھی ٹی20 ورلڈ کپ میں شریک ہو رہی ہیں۔
کون سی ٹیم کس گروپ میں شامل ہے؟
ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ اے میں پاکستان، انڈیا، آئرلینڈ، امریکہ اور کینیڈا شامل ہیں۔
گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نمیبیا، سکاٹ لینڈ اور عمان شامل ہیں جبکہ گروپ سی میں افغانستان، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، پاپوا نیو گنی اور یوگنڈا کو رکھا گیا ہے۔
گروپ ڈی میں بنگلہ دیش، نیپال، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کا فارمیٹ کیا ہے؟
ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کو دو گروپ راؤنڈز اور ناک آؤٹ مرحلے کے مطابق شیڈول کیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا گروپ مرحلہ دو جون سے 17 جون تک کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد 18 جون سے 25 جون تک سُپر ایٹ راؤنڈ ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل 26 اور 27 جون کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 29 جون کو ہوگا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کن شہروں میں کھیلا جائے گا؟
ٹی20 ورلڈ کپ کے تمام 55 میچز ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے مجموعی طور پر 9 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
امریکہ کے تین شہر نیو یارک، ڈیلاس اور فلوریڈا 55 میں سے 16 میچوں کی میزبانی کریں گے۔
ویسٹ انڈیز میں ایونٹ کے 39 میچز 6 وینیوز پر کھیلے جائیں گے جن میں گیانا، بارباڈوس، انٹیگا، ٹرینیڈاڈ، سینٹ ونسینٹ اور سینٹ لوشیا شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کے اہم میچز کب اور کہاں ہوں گے؟
گروپ مرحلے میں ایونٹ کا اہم ترین میچ پاکستان اور انڈیا کے درمیان 9 جون کو نیو یارک میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح روایتی حریف انگلینڈ اور آسٹریلیا 8 جون کو بارباڈوس میں آمنے سامنے ہوں گے جبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ بھی 8 جون کو ڈیلاس میں کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 26 اور 27 جون کو بالترتیب ٹرینیڈاڈ اور گیانا جبکہ فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔
یہاں واضح رہے کہ سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔
اب تک کون سی ٹیمیں ٹی20 ورلڈ کپ جیت چکی ہیں؟
اب تک ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں پاکستان (2009)، انگلینڈ (2010، 2022)، انڈیا (2007)، ویسٹ انڈیز (2012، 2016)، آسٹریلیا (2021) اور سری لنکا (2014) شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اس ٹی20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔
پاکستان میں میچز کہاں نشر کیے جائیں گے؟
پاکستان میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز ٹی وی پر پی ٹی وی سپورٹس اور ٹین سپورٹس پر نشر کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ پاکستانی شائقین ٹیپ میڈ، تماشہ ایپ اور مائیکو ایپ جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی ٹی20 ورلڈ کپ کے مقابلے سٹریم کر پائیں گے۔