امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا مایوس کن سفر جاری ہے۔
اتوار کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف پاکستانی ٹیم آسان میچ ہار گئی جس کے بعد گرین شرٹس کے سپر ایٹ مرحلے میں جانے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دو وکٹوں سے شکست دے دیNode ID: 864621
پاکستانی ٹیم انڈیا کی جانب سے دیے گئے 120 رنز کے آسان ہدف کے جواب میں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکی۔
نیویارک کی بولنگ فرینڈلی پِچ پر جہاں پاکستانی بولروں نے عمدہ بولنگ کی وہیں بیٹرز بالکل ہی ہمت ہار گئے اور جیتا ہوا میچ انڈیا کی جھولی میں ڈال دیا۔
انڈیا سے ہارنے کے بعد پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں جانے کے لیے اپنے دونوں باقی میچ جیتنے ہوں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ انڈیا اور آئرلینڈ کے ہاتھوں امریکہ کی شکست کی دعا بھی کرنی ہو گی۔
روایتی حریف انڈیا کے خلاف مایوس کن شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ مداح بھی شدید مایوسی کا شکار ہیں اور ٹیم پر اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
صحافی فیضان لاکھانی اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’میرے ہاتھ اب کھڑے ہو گئے ہیں۔ آپ امریکہ کے خلاف 160 رنز کا دفاع نہیں کر سکتے۔ آپ انڈیا کے خلاف رن آ بال ہدف حاصل نہیں کر سکتے۔ یہ شرمناک بات ہے۔ میرے پاس اس ٹیم کے حوالے سے بیان کرنے کو کوئی الفاظ نہیں ہیں۔‘
ایکس صارف بنٹی اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’کاش بچپن میں ہی گھر والوں نے بیٹ بال کی جگہ فٹبال لے کر دی ہوتی تو آج میری ذہنی صحت اتنی خراب نہ ہوتی۔‘
ایکس ہینڈل گایو مارلک نے نسیم شاہ اور انڈین کرکٹرز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’قسم سے اس تصویر سے زیادہ مجھے کسی بھی چیز نے کبھی اتنا افسردہ نہیں کیا، میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی۔‘
علی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’پہلی مرتبہ زندگی میں کرکٹ سے تنگ آ گیا ہوں۔ میرا شوق ختم ہو رہا ہے۔ سچ بتاؤں تو مجھے پہلے کبھی ایسا محسوس نہیں ہوا۔ باقی ورلڈ کپ بھی میں شاید نہ دیکھوں۔ یہ ٹیم ہماری سپورٹ کی حقدار نہیں ہے۔‘
حسن نے تبصرہ کیا کہ ’اگر پاکستان ابھی بھی کوالیفائی کر جاتا ہے تو آئی سی سی پر پابندی لگا دینی چاہیے۔‘
ایکس ہیںڈل کرسٹیانو رونا ڈال دو نے لکھا کہ ’انڈیا نے ہمیں ہرانے کی اتنی کوشش نہیں کی جتنی ہم نے ہارنے کی ہے۔‘