Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی ممالک کا امریکہ کے دعوے پر ردِعمل: ’ہم تہذیب کے خاتمے کا شکار نہیں‘

کالاس نے اس امریکی قومی سلامتی حکمت عملی کا حوالہ دیا جو دسمبر میں جاری ہوئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
یورپی ممالک نے امریکی دعوے کو مسترد کیا ہے کہ یورپ ’تہذیب کے خاتمے‘ کے خطرے سے دوچار ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اتوار کو یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کایا کالاس نے میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ ردِعمل دیا۔ ان کی یہ گفتگو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آئی جس میں انہوں نے یورپی اتحادیوں کے لیے نسبتاً مصالحت آمیز پیغام دیا تھا۔
اگرچہ ان کا لہجہ گزشتہ برس اسی کانفرنس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے سخت خطاب سے نرم تھا لیکن انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن اب بھی ٹرانس اٹلانٹک اتحاد کی ازسرِنو تشکیل اور اپنی پالیسی ترجیحات پر اصرار کرتا ہے۔
کالاس نے اس امریکی قومی سلامتی حکمت عملی کا حوالہ دیا جو دسمبر میں جاری ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ یورپ کا معاشی جمود ’تہذیب کے خاتمے کے سنگین خطرے کے مقابلے میں معمولی دکھائی دیتا ہے۔‘
اس امریکی مؤقف کے مطابق یورپ کو اس کی امیگریشن پالیسیوں، کم ہوتی شرحِ پیدائش، آزادیِ اظہار پر پابندیوں اور قومی شناخت کے کمزور ہونے جیسے عوامل کمزور بنا رہے ہیں۔
کالاس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’کچھ لوگ جو کہہ رہے ہیں اس کے برخلاف یورپ کسی تہذیبی خاتمے کا شکار نہیں ہو رہا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی کئی ممالک اور لوگ یورپی یونین کا حصہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس کینیڈا کے دورے کے دوران انہیں بتایا گیا کہ وہاں بھی بڑی تعداد میں لوگ یورپی یونین میں شمولیت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

کالاس کے مطابق روبیو کا پیغام اہم تھا کہ ’امریکہ اور یورپ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور رہیں گے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے ’یورپ پر بلاجواز تنقید‘ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یورپ انسانی حقوق، جمہوری قدروں اور انسانی فلاح کے لیے کام کر رہا ہے جو براہِ راست خوشحالی کا باعث بنتا ہے۔
مارکو روبیو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹرانس اٹلانٹک دور کا اختتام نہ تو امریکہ کی ترجیح ہے اور نہ ہی خواہش۔ یورپی اور امریکی رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگرچہ دونوں کے مابین اختلافات موجود ہیں، خصوصاً امیگریشن، تجارت اور ماحولیات کے سوالات پر، مگر پھر بھی تعلقات مضبوط رہیں گے۔
کالاس کے مطابق روبیو کا پیغام اہم تھا کہ ’امریکہ اور یورپ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور رہیں گے۔‘

 

شیئر: