Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں موسلادھار بارش، گرمی کی شدت میں کمی

شدید بارشوں کے باعث لینڈسلائیڈنگ سے بعض مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جس کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔
پیر کو محکمہ موسمیات نے 10 جولائی سے 16 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ 10 جولائی سے بحیرہ عرب سے مزید مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث 10 سے 16 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی توقع ہے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
10 جولائی سے 15 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال ، جہلم ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور فیصل آباد میں بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اوکاڑہ، خوشاب، سرگودھا، بھکر اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ 12 سے 14 جولائی کے دوران بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، راجن پور اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا میں 11 سے 15 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
پشاور، مردان، چارسدہ، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
بلوچستان میں 8 اور  9 جولائی جبکہ 12 سے 14جولائی کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ 

بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان اور کشمیر کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے (فائل فوٹو: اے پی)

تاہم بلوچستان کے مشرقی علاقوں خضدار، قلات، زیارت، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبہ سندھ میں 12 اور 13 جولائی کو سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح 11 سے 15 جولائی کے دوران گلگت بلتستان میں دیامر، استور، سکردو، گلگت، گانچھے اور شِگر میں مطلع جزوی سے ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے بارش کی بھی توقع ہے۔
ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر:
12 سے 14 جولائی کے دوران موسلادھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’موسلادھار بارش کے باعث شمال مشرقی پنجاب کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔‘
شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلیات، مری اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ’موسلادھار بارش سے پنجاب کے بعض نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ملک بھر میں شدید بارشوں کی وجہ سے آندھی چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کچے گھروں، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز،گاڑیوں اور سولر پینلز وغیرہ کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’کسان موسمیاتی پیش گوئی کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔‘
’مسافروں اور سیاح محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں پیشگی آگاہی حاصل کریں۔‘
حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران ’الرٹ‘ رہنے اور کسی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: