Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج انتظامات بہترین تھے، پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں: حج سیمینار

مقررین کا کہنا تھا کہ ’ہم سوشل میڈیا پر حج انتظامات کے حوالے سے پروپیگنڈا کی مذمت کرتے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے مذہبی سیاسی رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے رواں برس حج انتظامات کو ماضی کے مقابلے میں بہترین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک چھوٹے سے واقعے کو بنیاد بنا کر پروپیگنڈا شروع کر دیا جاتا ہے۔ 
بدھ کو حج 2024 کے انتظامات کے حوالے سے تحریک دفاع حرمین کے زیرانتظام اسلام آباد میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
پاکستان میں سعودی عرب کے ناظم الامور صالح المطیری مہمان خصوصی تھے جبکہ صدارت جمعیت علما اسلام کے سیکریٹری جنرل مولانا غفور حیدری نے کی۔ 
سیمینار میں مذہبی رہنماؤں، علما اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ 
اس موقع پر مولانا غفور حیدری نے کہا کہ دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں افراد حج ادا کرنے کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں۔ بعض افراد حج ویزہ کے بغیر وہاں پہنچ جاتے ہیں جس سے انتظامات متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانونی ویزا نہ ہونے کی وجہ سے انتظامی مسائل پیدا ہوتے ہیں جبکہ سعودی حکومت نے حج کے بہت اچھے انتظامات کیے تھے۔ 
’ہم سوشل میڈیا پر حج انتظامات کے حوالے سے پروپیگنڈا کی مذمت کرتے ہیں۔ سعودی حکومت، پولیس اور عوام نے مسعتدی سے حجاج کو سہولیات فراہم کیں۔ اگر انتظامات میں کوئی کمی ہوگی تو ہم تنقید بھی کریں گے کہ ان چیزوں کی اصلاح کریں۔‘
جے یو آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ اس وقت سعودی حکومت نے زائرین کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔ خادم حرمین شریفین نے جدت اور وسعت کے ذریعے زائرین کو فائدہ پہنچایا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے برادرانہ اور روحانی تعلقات ہیں۔ مسلم دنیا کو سعودی عرب کو اسلامی ریاست اور مسلمانوں کے روحانی مرکز کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔
سیمینار سے پاکستان مشائخ و علما کونسل کے چیئرمین سید سعادت حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے سعودی حکومت کی طرف سے کیے گئے حج کے انتظامات کو بہترین قرار دیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت ٹھنڈے پانی سے لے کر گرم پانی تک کا احساس کرتی ہے۔ ایسی حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

شیئر: