Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیرہ جنوبی چین میں جہازوں کی ٹکر، فلپائن اور بیجنگ کا ایک دوسرے پر الزام

چین کے کوسٹ گارڈ نے کہا کہ فلپائنی بحری جہاز نے اس کی وارننگ کو نظرانداز کیا (فوٹو: روئٹرز)
فلپائن اور چین نے پیر کو ایک دوسرے پر بحیرہ جنوبی چین میں بحری جہازوں کو ٹکرانے کا الزام عائد کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق اس تازہ ترین تنازعے نے ایسے وقت میں سر اُٹھایا ہے جب دونوں ممالک نے سمندر میں کشیدگی کو کم کرنے اور اختلافات پر قابو پانے پر اتفاق کیا تھا۔
چین کے کوسٹ گارڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک فلپائنی بحری جہاز جس نے اس کی بارہا دی جانے والی وارننگ کو نظرانداز کیا تھا، پیر کی صبح متنازع آبی گزرگاہ میں ’غیر پیشہ ورانہ اور خطرناک‘ انداز میں چینی جہاز سے ’جان بوجھ کر ٹکرایا۔‘
فلپائن کا کہنا ہے کہ اس کے ساحلی محافظوں کے دو جہازوں کو سبینا شوال کے قریب چینی جہازوں کے غیرقانونی اور جارحانہ انداز کا سامنا کرنا پڑا جب وہ مقبوضہ جزیروں میں تعینات فلپائنی اہلکاروں کو سامان پہنچانے جا رہے تھے۔‘
قومی سلامتی کونسل اور منیلا کی ساؤتھ چائنا سی ٹاسک فورس کے ترجمان جوناتھن ملایا نے کہا کہ ’جہازوں کو خطرناک انداز سے قریب سے لے جانے کے نتیجے میں تصادم ہوا، جس سے دونوں (فلپائن کوسٹ گارڈ) کے جہازوں کو نقصان پہنچا۔‘
ترجمان نے کہا کہ کوسٹ گارڈ کے جہاز کیپ اینگانو اور باگاکے فلیٹ آئی لینڈ میں تعینات اہلکاروں کو دوبارہ سپلائی کرنے کے لیے جا رہے تھے (جسے منیلا پاتاگ اور لاوک آئی لینڈ کہتا ہے جبکہ چین نانشان کہتا ہے) جب سبینا شوال کے قریب سمندر میں تصادم ہوا۔

چینی کوسٹ گارڈ نے واقعے کی ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں جہازوں میں سے ایک کے ساتھ تصادم کو دکھایا گیا ہے (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے مزید بتایا کہ کیپ اینگانو اور ایک چینی کوسٹ گارڈ جہاز کے درمیان پیر کی صبح تقریباً تین بج کر 24 منٹ پر تصادم ہوا۔
’تقریباً 16 منٹ بعد، فلپائنی کوسٹ گارڈ جہاز باگاکے کو چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز نے دو بار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں معمولی نقصان پہنچا۔‘
چینی کوسٹ گارڈ نے اس واقعے کی ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ان کے جہازوں میں سے ایک کے ساتھ تصادم کو دکھایا گیا ہے۔
چین کی میری ٹائم سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ تصادم میں ملوث وہی فلپائنی بحری جہاز سبینا شوال کے پانیوں میں داخل ہونے سے روکنے کے بعد سیکنڈ تھامس شوال کے قریب پانیوں میں داخل ہوا۔
یہ واقعہ سکاربورو شوال میں چینی اور فلپائن کی فوجوں کے درمیان فضائی حملے کے دو ہفتے سے بھی کم وقت کے بعد پیش آیا۔
دونوں ممالک کے درمیان جزیرہ ’سیکنڈ تھامس شوال‘ کے قریب بار بار جھڑپوں کے بعد جولائی میں ایک ’عارضی معاہدہ‘ طے پایا تھا۔
25 سال قبل جان بوجھ کر گراؤنڈ کیے گئے بحریہ کے جہاز پر سوار فوجیوں کو دوبارہ بھیجنے کی فلپائن کی کوششوں کو روکنے کے لیے مغربی ممالک کی جانب سے چین پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔

شیئر: