Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زمبابوے، افغانستان، امریکہ، آئرلینڈ اور اب بنگلہ دیش، ’آئندہ کوئی مجھے 0-152 یاد نہ دلائے‘

بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش نے تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔
اس سے قبل پاکستان کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور امید کی جا رہی تھی کہ قومی ٹیم کم بیک کرے گی۔
دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کرکٹ شائقین کی امیدیں دم توڑ گئیں اور پاکستان کو بنگلہ سے تاریخی کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔
کرکٹ ماہرین اور شائقین نے سیریز کے دوران مختلف تجزیے پیش کیے جن میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے لے کر پلیئرز کی ذاتی پرفارمنس اور غلطیوں کی نشاندہی کی گئی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک جانب پاکستانی کرکٹ شائقین بنگلہ دیش کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں وہیں قومی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر عمران نامی صارف نے لکھا ’پاکستان اس ہار کا حقدار ہے۔‘

بسکوُٹ نامی اکاؤنٹ نے پوسٹ کیا ’میچ کی وہ ہائی لائٹس دکھاؤ جہاں کپتان تبدیل کر کے سیریز جیتی ہے۔‘ اس کے جواب میں راجہ حنان نے پوسٹ کی ’جو پاکستان نے جارحانہ کرکٹ کھیلی ہے اس کی ہائی لائٹس بھی دکھائیں۔‘

اسد نے بابر اعظم کی ویراٹ کوہلی کے لیے کی گئی پرانی پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ’یہ وقت بھی گزر جائے گا۔‘

نوشی نے اپنی پوسٹ میں کہا ’کوئی شان مسعود کوبتائے اچھی انگلش بول لینا ہی سب کچھ نہیں ہوتا۔‘

عاصم خان نے لکھا ’ پاکستان کرکٹ ٹیم کو کیا ہوگیا ہے، کیا اس ٹیم میں یکجہتی کی کمی ہے؟ اتنی صلاحیت کے باوجود یہ جیت کیوں نہیں پا رہے؟ میں نے انہیں بہترین کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ’بس بہت ہوا، مصبا الحق کا دور واپس لائیں۔‘

رچرڈ کیٹلبرو نے لکھا ‘سال 2024 میں پاکستان کے لیے واحد اچھی چیز ارشد ندیم کا گولڈ میڈل تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 2022 سے شائقین کو مایوس کرتی آرہی ہے۔ یہ زمبابوے سے ہارے، پھر افغانستان، امریکہ آئرلینڈ اور اب بنگلہ دیش۔‘

آصف خان نے لکھا ’اب کوئی مجھے دوبارہ 152-0  یاد مت دلائے۔‘

کچھ صارفین نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ احسن اعوان نے پوسٹ میں کہا ’مریض نہیں، سرجن بدل کر دیکھیں شاید معاملہ حل ہو جائے۔‘

ایک اور صارف نے محسن نقوی کے ہی بیان کو توڑ مڑوڑ کر پوسٹ میں لکھا ’بنگلہ دیش کی ٹیم ایک ایس ایچ او کی مار ہے، محسن نقوی کا متوقع بیان۔‘

 

 

شیئر: