Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’افواج اور عوام میں خلیج پیدا کرنے والوں کو شکست ہو گی‘

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ’استحکام کا عزم ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج اور عوام میں خلیج پیدا کرنے والوں کو ہمیشہ کی طرح شکست ہو گی۔
جمعے کو راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقدہ یوم دفاع و شہدا کی خصوصی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام کا رشتہ دل کا رشتہ ہے۔ بیرونی جارحیت کے خلاف معرکہ ہو یا دہشت گردی کے خلاف جنگ، قدرتی آفات میں امداد ہو یا قومی ترقیاتی منصوبوں میں کردار، پاکستانی قوم نے افواج پاکستان کو بھرپور تقویت دی ہے۔
’یہی مضبوط رشتہ پاکستان کے دشمنوں کی شکست کا ضامن ہے۔ جو قوتیں ملکی سلامتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر ابہام اور افواج اور عوام میں خلیج پیدا کرنے کے لیے متحرک ہیں، انہیں ہمیشہ کی طرح شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
انہوں نے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف شروع کیے گئے نئے آپریشن کے حوالے سے کہا کہ ’ہمارا عزم استحکام نیشنل ایکشن پلان کی کڑی ہے جس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی اور ریاستی حکمت عملی مربوط طور پر مرتب کی گئی ہے۔ عزم استحکام کسی ایسے بڑے اور نئے آپریشن کا نام نہیں جس میں کسی علاقے کے عوام کو بے دخل کیا جائے گا۔‘
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ’استحکام کا عزم ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔ قوم میں انتشار، بے یقینی اور مایوسی پھیلانے والے تمام عوامل کو ہم اپنی ذہنی ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ متحد ہو کر شکست دیں گے۔ قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردی کی حالیہ سرگرمیاں ان مایوس عناصر کی جانب سے پاکستان کو ایک کمزور ریاست بنانے کی ناکام کوشش ہے۔ غیرملکی شہہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں، ان کی معاونت، جرائم کا جواز اور دفاع پیش کرنے والوں پر آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دہشت گردی کی حالیہ سرگرمیاں ان مایوس عناصر کی جانب سے پاکستان کو ایک کمزور ریاست بنانے کی ناکام کوشش ہے۔ غیرملکی شہہ پر فساد فی الارض برپا کرنے والوں، ان کی معاونت، جرائم کا جواز اور دفاع پیش کرنے والوں پر آئندہ بھی زمین تنگ رہے گی۔‘
آرمی چیف نے مزید کہا کہ ’دہشت گردی کے پھیلاؤ میں جن بیرونی طاقتوں کا ہاتھ ہے، میں انہیں بھی باور کرانا چاہتا ہوں کہ افواج پاکستان اور پاکستانی عوام اپنی سالمیت کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور کبھی تمہارے مذموم ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔‘
دہشت گردی کا سر کچلنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے: وزیراعظم
یوم دفاع کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’افوج پاکستان کے بہادر جوانوں، شہدا کے لواحقین سے مخاطب ہوں، یہ دن شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، شہدا نے وطن کی آزادی و تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی ہمسائے کے خلاف جارحانہ عزم نہیں رکھتا، دہشت گردی، بدامنی کے خاتمے اور خطے کے امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا، قوموں کو خوشحالی کی منزل ہمیشہ امن کے راستے سے ملتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ’فتنہ الخوارج کے خاتمے تک قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن جاری رکھیں گے، یقین رکھیں دہشت گردی کا سرکچلنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔‘

شیئر: