Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ سے زیادہ ساؤتھ کی فلمیں خطے سے جُڑی ہوئی کہانیاں سناتی ہیں: تمنّا بھاٹیہ

تمنّا بھاٹیہ نے ہندی کے ساتھ تامل اور تیلگو فلموں میں بھی کام کیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
انڈین اداکارہ تمنّا بھاٹیہ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ کی نسبت ساؤتھ فلم انڈسٹری اپنے جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے کہانیاں پیش کرتی ہیں اور بنیادی انسانی جذبات پر مبنی فلمیں بناتی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق تمنّا بھاٹیہ جنہوں نے ہندی کے ساتھ تامل اور تیلگو فلموں میں بھبی کام کیا ہے، نے راج شامانی کے پوڈکاسٹ میں اپنے فلمی کریئر کے حوالے سے بات کی۔
جب اُن سے پوچھا گیا کہ بالی وڈ کی فلموں اور ساؤتھ میں بننے والی فلموں میں کیا فرق ہے تو تمنّا بھاٹیہ نے کہا کہ ’میں نے جو خاص فرق دیکھا ہے وہ یہ ہے کہ ساؤتھ کی فلموں میں اپنے جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے زیادہ بات کی جاتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں ان کے مواد کا عالمی سطح پر ترجمہ اس لیے بھی ہو رہا ہے کیونکہ وہ لوگوں سے، خطے سے جُڑی ہوئی کہانیاں سنانے کی کوشش کرتے ہیں۔‘
تمنّا بھاٹیہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’وہ لوگوں میں طبقات کو مدّنظر رکھ کر کام نہیں کرتے بلکہ وہ بنیادی انسانی جذبات جن کا تعلق ماں باپ سے ہوتا ہے، بھائی، بہن سے بدلہ، ایسی کہانیاں جو مختلف فارمیٹس کے ذریعے انسانی جذبات کو بیان کرتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ مختلف قسم کے لوگوں کے بارے میں فلم نہیں بناتے۔ وہ صرف وہی بیان کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے بارے میں وہ مکمل جانتے ہیں۔ اور ساؤتھ فلم انڈسٹری کو اسی نے کامیاب بنایا ہے۔‘
تمنّا بھاٹیہ نے یہ بھی کہا کہ بالی وڈ میں کئی بار فلمیں ’ہر کسی‘ کو سامنے رکھ کر بنائی جاتی ہیں جو شاید اس کی کامیابی کے لیے زیادہ بہتر نہیں۔ 
تمنّا بھاٹیہ کو نکھل ایڈوانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ویدا' میں جان ابراہم کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔

شیئر: