ابوظبی کے ولی عہد کی انڈین وزیراعظم سے ملاقات، کئی معاہدوں پر دستخط
ابوظبی کے ولی عہد کی انڈین وزیراعظم سے ملاقات، کئی معاہدوں پر دستخط
پیر 9 ستمبر 2024 20:59
دوستانہ تعلقات کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ( فوٹو: وام)
ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن حمد زاید آل نھیان نے پیر کو نئی دہلی میں انڈین وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی سٹراٹیجک تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انٹین وزیراعظم نے ابوظبی کے ولی عہد اور ان کے وفد کا نئی دہلی کے حیدرآباد ہاوس میں خیرمقدم کیا۔ ولی عہد نے صدر مملکت شیخ محمد بن زاید کی جانب سے نیک تمناوں کا پیغام پہنچایا۔
وام کے مطابق نریندرمودی نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو آگے بڑھانے کےلیے عرب امارات کی قیادت کے عزم کی تعریف کی۔
ملاقات میں امارات اور انڈیا کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر امارات، انڈیا جامع اقصادی شراکت داری معاہدے کے تحت کئی سٹریٹجک معاہدوں کا اعلان اور دستخط کیے گئے۔
ابوظبی نیشنل آئل کمپنی ’ادنوک‘ نے انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کے ساتھ مائع گیس کی فراہمی کےلیے 15 سالہ معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت ’ادنوک‘ سالانہ 10 لاکھ میٹرک ٹن قدرتی مائع گیس فراہم کرے گی۔
اڈنوک کمپنی نے انڈین سٹریٹجک پیٹرولیم ریزور لمیٹڈ کے ساتھ ’آئل اسٹورریج اینڈ مینجمنٹ‘ کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔
اماراتی سرمایہ کاری کی کمپنی نے انڈین وزارت خوراک اورزراعت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت ریاست گجرات میں خوراک اور زرعی صنعت کا کمپلیکس قائم کیا جائے گا جس کے جدید ترین ٹیکنالوجی کااستعمال ہو گا۔
اماراتی نیوکلیئرانرجی کارپوریشن نے جوہری توانائی کے حوالے سے سائنسی علوم کے تبادلے کے لیے کوششوں میں تعاون کے لیے انڈین نیوکلیئرانرجی کمپنی کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے۔