مصر میں دو مسافر ٹرینوں کی ٹکر، کم ازکم تین افراد ہلاک
مصر میں ٹرینوں کے پٹری سے اترنے اور حادثے عام ہیں (فوٹو: اے پی)
مصر کے الشرقیہ گورنریٹ میں سنیچر کو دو مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم میں کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
مصری ریلوے اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ’حادثہ الشرقیہ گورنریٹ کے صدر مقام الزقازیق میں پیش آیا، حکام واقعہ کی تحقیقات کررہے ہیں‘۔
منصورہ سے قاہرہ جانے والی ٹرین اور قاہرہ سے اسماعیلیہ جانے والی ٹرین کے درمیان الزقازیق کے نئے پل پر حادثہ پیش آیا۔
وزارت صحت نے دو افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جائے حادثہ پر ایمبولینسز روانہ کی گئی ہیں۔
ریلوے اتھارٹی کا کہنا ہے ’مصری وزیر نے جائے حادثہ پر ہنگامی آلات اور کرینیں روانہ کرنے اور ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جو حادثے کی تیکنیکی وجوہ کا تعین کرے گی‘۔
اے پی کے مطابق مصر میں ٹرینوں کے پٹری سے اترنے اور حادثے عام ہیں۔ پرانا ریلوے نظام بھی بد انتظامی سے دو چار ہے۔ حالیہ برسوں میں حکومت نے ریلوے کو بہتر بنانے کےلیے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
2018 میں صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا تھا کہ ریلوے نیٹ ورک کو بہتر بنانے کےلیے تقریبا 8.13 ارب ڈالر درکار ہیں۔