Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوڈیشہ ٹرین حادثہ، 101 لاشوں کی شناخت تاحال نہ ہو سکی

ٹرین حادثے میں کم از کم 278 افراد کی موت ہوئی جبکہ ایک ہزار سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کی ریاست اوڈیشہ میں اختتام ہفتہ پیش آنے والے ٹرین حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کی اپنے پیاروں کے لیے تلاش جاری ہے جہاں حکام کے مطابق تاحال 101 لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ٹرین حادثے میں کم از کم 278 افراد کی موت ہوئی جبکہ ایک ہزار سے زائد مسافر زخمی ہوئے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ایسٹرن سینٹرل ریلوے کے ڈویژنل ریلوے مینیجر رنکیش رائے نے بتایا کہ اس وقت بھی اوڈیشہ کے مختلف ہسپتالوں میں حادثے کے 200 زخمی زیرِعلاج ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ لگ بھگ 1100 مسافر زخمی ہوئے جن میں سے 900 کو طبی امداد کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا جبکہ 200 تاحال زیرِعلاج ہیں۔ ’مرنے والے 278 افراد میں سے 101 لاشوں کی شناخت ہونا باقی ہے۔‘
دو مسافر ٹرینوں اور ایک مال بردار ریل گاڑی کے اس ہولناک حادثے نے پورے انڈیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ملک بھر میں سوگ کی فضا ہے۔
بھوبنیسوار میونسپل کارپوریشن کے کمشنر وجے امرت کولانج نے بتایا کہ ’یہاں رکھی گئی 193 لاشوں میں سے 80 کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 55 لاشیں لواحقین کے حوالے کی جا چکی ہیں۔‘
یہ ٹرین حادثہ اُس وقت ہوا جب شالیمار چنائے کورومنڈل ایکسپریس پٹری پر کھڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرائی اور اُس کی بوگیاں ساتھ والے ٹریک پر گر گئی جہاں ایک اور مسافر ٹرین ہوراح ایکسپریس اُس سے ٹکرا گئی جو یسونتپور سے ہوراح جا رہی تھی۔
دونوں ٹرینوں کی رفتار بہت زیادہ تھی جس کے باعث زیادہ جانی نقصان ہوا۔

حکام کے مطابق تاحال 101 لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ فوٹو: اے ایف پی

سنیچر کو انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی بھی جائے حادثے کا دورہ کیا اور قریبی ہسپتالوں میں زیرِعلاج زخمیوں کی عیادت کی۔
دہلی واپس جانے سے قبل وزیراعظم مودی نے حادثے کے حوالے سے ایک اعلٰی سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

شیئر: