Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون 16 کا مخصوص بٹن رئیل می موبائل نے نقل کر لیا؟

آئی فون 16 میں کیمرہ کنٹرول بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایپل)
امریکہ کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے آئی فون کے نئے ماڈلز کی لانچ سے پہلے صارفین کو سارا سارا سال ان کی آمد کا انتظار رہتا ہے۔
یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ موبائل صارفین میں آئی فون کو ایک موبائل فون سے زیادہ سٹیٹس سمبل کا مقام حاصل کر لینے کی وجہ سے پذیرائی حاصل ہے۔
صارفین اکثر و بیشتر یہ شکوہ کرتے بھی دکھائی دیتے ہیں کہ آئی فون کے نئے ماڈل کے ڈیزائن میں پرانے ماڈل کے مقابلے میں کوئی بڑی تبدیلی کم دیکھنے کو ملتی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق حال ہی میں لانچ ہونے والے آئی فون 16 میں کمپنی کی جانب سے ایک نئیا بٹن متعارف کروایا ہے جسے ’کیمرہ کنٹرول‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اس کیمرہ کنٹرول بٹن کی مدد سے یک دم کیمرہ کھولنے سے لے کر کیمرے کے متعلق کنٹرولز تک رسائی کی خصوصیات موجود ہیں۔
دوسری طرف آئی فون 16 کی عالمی فروخت سے ٹھیک ایک ہفتہ قبل چینی موبائل فون کمپنی رئیل می نے اشارہ دیا ہے کہ ایسی ہی خصوصیات رکھنے والا بٹن ان کے ایک آئندہ لانچ ہونے والے موبائل فون میں بھی موجود ہے۔
چین میں استعمال ہونے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ویبو‘ پر رئیل می موبائل کمپنی کے نائب صدر چیزشو نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے ایک موبائل فون میں کوئی آئی فون کی طرح کا کیمرہ کنٹرول بٹن استعمال کر رہا ہے، جس کی مدد سے زوم ان آؤٹ اور بٹن کی دیگر خصوصیات کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
تاہم نائب صدر کی جانب سے موبائل فون کے ماڈل وغیرہ کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
کمپنی کے ایک اعلٰی عہدیدار کی جانب سے اس بات کی تصدیق  کی گئی ہے کہ ان کے آنے والے دنوں میں لانچ ہونے والے فون میں مجوزہ بٹن موجود ہوگا تاہم وہ موبائل فون ’رئیل می جی ٹی 7 پرو‘ نہیں ہے۔
یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے جب رئیل می کے موبائل فون میں آئی فون سے ملتی جلتی خصوصیات شامل کی گئی ہوں بلکہ اس سے قبل گذشتہ برس بھی رئیل می سی 55 نامی ایک بجٹ رینج کا موبائل فون متعارف کروایا تھا جس میں آئی فون 15 سے ملتے جلتی کچھ خصوصیات شامل تھیں۔

شیئر: