Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کی کابینہ کا استعفی منظور، جعفر حسان نئے وزیراعظم مقرر

جعفر حسان معروف ٹیکنوکریٹ ہیں اور سابق وزیر منصوبہ بندی رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ ثانی نے اتوار کو وزیراعظم  ڈاکٹر بشیرالخصاونہ کی حکومت کا استعفی منظور کرتے ہوئے انہیں نئی کابینہ کی تشکیل تک نگراں عہدے پر برقرار رہنے کا حکم دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ عبداللہ ثانی نے جعفر حسان کو ملک کا نیا وزیر اعظم مقرر کیا ہے۔
جعفر حسان ایک معروف ٹیکنوکریٹ ہیں۔ اردن کے سابق وزیر منصوبہ بندی رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی تعلیم کیمرج، میساچوسٹس ہاورڈ یونیورسٹی سے حاصل کی۔ وہ شاہ عبداللہ کے دفتر کے موجودہ سربراہ بھی ہیں۔
جعفر حسان، تجربہ کار سفارتکار اور پیلس کے سابق مشیر بشیرالخصاونہہ کی جگہ لیں گے جو شاہ عبداللہ ثانی کے دور  میں طویل عرصے تک وزیر اعظم رہنے والے سمجھے جاتے ہیں۔
پارلیمانی انتخابات میں اسلام پسند حزب اختلاف کی محدود کامیابی کے بعد انہوں نے اتوار کو اردنی فرمانروا کو اپنا استعفی پیش کیا تھا۔
منگل کو ہونے والے انتخابات میں ملک کی سب سے بڑی اسلامی جماعت اسلامک ایکشن فرنٹ نے پارلیمنٹ کی 138 میں سے 31 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
اسلامک ایکشن فرنٹ اردن میں اخوان المسلمون کی ایک سیاسی شاخ ہے۔ اسلام پسندوں کو 1989 کے بعد سب سے بڑی نمائندگی ملی ہے۔
کابینہ عام طور پر آئینی روایت کے مطابق پارلیمانی انتخابات کے بعد استعفی دیتی ہے۔
55 سالہ بشیرالخصاونہ، اکتوبر 2020 سے حکومت کی سربراہی کررہے تھے۔

شیئر: