Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیجرز دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی: لبنانی وزیر صحت

لبنان کے وزیر صحت فراس العبیاد کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں منگل کو پیجزر ڈیوائس کے دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے پیجز دھماکوں کا الزام اسرائیل پر لگایا ہے۔
منگل کو اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ کا دائرہ حماس کے اتحادی حزب اللہ تک وسیع کرنے کے اعلان کے چند ہی گھنٹوں بعد لبنان بھر میں سینکڑوں وائرلیس پیجر ڈیوائسز دھماکوں سے پھٹ گئے تھے۔
اسرائیل نے ابھی تک ان غیرمعمولی حملوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
بدھ کو لبنان کے وزیرصحت فراس العبیاد نے کہا کہ ان دھماکوں میں 12 افراد ہلاک ہوئے اور 27 سو 50 سے 28 سو کے درمیان افراد زخمی ہوئے ہیں۔
منگل کو کہا گیا تھا کہ دھماکوں میں نو افراد ہلاک ہوئے۔
وزیرصحت نے بیروت میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ تمام ہسپتالوں کا ڈیٹا چیک کرنے کے بعد پتہ چلا کہ ہلاکتیں 12 ہوئی ہیں جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
’ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ، ایک بچی اور بیروت کے شمالی مضافات میں نجی ہسپتالوں کے چار طبی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔‘
پیجر کے دھماکے ایرانی حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے مضبوط گڑھ جنوبی بیروت اور لبنان کے شمال اور جنوب کے علاقوں میں ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ لبنان کے مشرقی وادی بیکا میں دھماکوں سے زخمی ہونے والوں کچھ افراد کو علاج کے لیے شام منتقل کیا گیا جب کہ کچھ کو ایران بھیجا جائے گا۔
’750 سے زائد افراد جنوبی لبنان، 150 بیکا وادی اور 1850 افراد بیروت اور اسے کے جنوبی مضافات میں ان دھماکوں میں زخمی ہوئے ہیں۔‘
 

شیئر: