سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت کے قومی دن کے موقع پر جمعرات کی شام کورنیش پر رائل ایئر فورس کے متعدد لڑاکا طیاروں نے مشترکہ فضائی کرتب دکھائے جن میں شاہی فضائیہ کے ٹائفون، ٹورنیڈو، ایف 15 سی، ایف 15 ایس ای شامل تھے۔
فضائی کرتب میں شامل لڑاکا طیاروں کو سیاہ اور سنہرے رنگوں سے سجایا گیا تھا۔ طیارے تین گروپس میں کورنیش کی فضاؤں میں نمودار ہوئے اور قلابازیاں کھاتے ہوئے اپنی مخصوص فارمیشن میں ساحل پر کھڑے لوگوں کے سامنے سے گزرے۔
مخصوص فارمیشن میں اڑنے والے طیاروں کو اس طرح سے ترتیب دی گئی تھی کہ ان سے نکلنے والا سبز اور سفید دھواں لکیروں کی صورت میں آسمان پر پھیل رہا تھا۔
لڑاکا طیارے جن میں ٹورنیڈو اور ایف 15 شامل تھے انتہائی نیچی پرواز کرتے ہوئے حاضرین کے سامنے آئے اور ساؤنڈ بیریئرز کو آن کیا جس سے ان کی گرج سے ایک لمحے کے لیے ماحول لرز کر رہ گیا اور حاضرین نے تالیاں بجا کر انہیں داد دی۔
سعودی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا پہلا بیڑا سی ون تھرٹی ہرکولیس کی قیادت کرتا فضا میں ابھرا جس کے عقب میں ایف 15 اور دیگر طیارے نمودار ہوئے اور خوبصورت شو پیش کیے۔