فرانس کے فٹبالر گریزمین کا انٹرنیشنل کیریئر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
فرانس کے فٹبالر گریزمین کا انٹرنیشنل کیریئر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
پیر 30 ستمبر 2024 18:14
اینٹوئن گریزمین نے2018 اور 2022 کے ورلڈ کپ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ فائل فوٹو: روئٹرز
فرانس کے فٹ بالر اینٹوئن گریزمین نے کوچ ڈیڈیئر ڈیسچیمپ کے ایک دہائی تک سب سے اہم کھلاڑی رہنے کے بعد پیر کو اپنے بین الاقوامی کیریئر کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق رواں برس کے یورو کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 33 سالہ گریزمین نے 2018 اور 2022 کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے کھلاڑی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’آج گہرے جذبات کے ساتھ میں فرانس کی ٹیم کے کھلاڑی کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔‘
گریزمین نے مزید کہا ’ فرانس کی جرسی پہننا بڑا اعزاز ہے، چیلنجوں، کامیابیوں اور ناقابل فراموش لمحات سے بھرپور اور یادگار 10 سال بعد اب وقت آ گیا ہے کہ میں نئی نسل کے لیے راستہ بناؤں۔‘
اٹیلکٹو میڈرڈ کے مڈفیلڈر اور یورو کپ 2016 کے ٹاپ سکورر اپنے ساتھیوں اور مداحوں میں انتہائی پسندیدہ تھے۔
اینٹوئن گریزمین نے اپنے فٹبال کیریئر میں 137 میچوں میں حصہ لیا اور 44 گول سکور کیے اور انہوں نے ورسٹائل کھلاڑی کے طور پر خود کو منوایا اور وہ ٹیم میں ہمیشہ ایک ایسی آواز تھے جسے ہر کوئی سنتا تھا۔
فرانس کی قومی ٹیم کے ساتھ لگاتار 84 میچ کھیلنے کا ریکارڈ حاصل کر کے مڈفیلڈر نے گذشتہ 10 سال میں قومی ٹیم کے سب سے قیمتی کھلاڑی کے طور پر اپنی حیثیت قائم کی۔
اس موقع پر فرانسیسی کوچ ڈیڈیئر ڈیسچیمپ نےایک بیان میں کہا کہ ’10 سال قبل فرانس کی ٹیم میں گریزمین کے ڈیبیو کے بعد سے ہمارا رشتہ اعتماد اور بے تکلفی پر مبنی ہے اور اس ریٹائرمنٹ کے بارے میں حال ہی میں ہم نے ایک طویل بحث کی ہے۔‘
اینٹوئن گریزمین کا کلب کیریئر ختم نہیں ہوا تاہم وہ فرانس کی فٹبال تاریخ میں ایک عظیم کھلاڑی کے طور پر یاد رہیں گے۔
ڈیسچیمپ نے مزید کہا ’ہمارا واقعی ایک بہت مضبوط رشتہ رہا ہے اور گریزمین میرا پسندیدہ رہا ہے، میں دل کی گہرائیوں سے اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
گریزمین نے فرانس کو 2021 نیشنز لیگ جیتنے میں مدد کی اور ٹیم کے چوتھے آل ٹائم گول سکورر رہے۔
انہوں نے لا لیگا میں ریئل سوسیڈاد، ایٹلیٹکو اور بارسلونا کے ساتھ 500 سے زیادہ میچز کھیلے۔