Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل فائر کیے ہیں: اسرائیل

امریکی حکام نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ایران اسرائیل پر بلیسٹک میزائل حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر میزائل فائر کر دیے ہیں جبکہ اسرائیل میں لوگوں کو کہا گیا ہے کہ وہ شیلٹرز کے قریب موجود رہیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ایرانی میزائل فائر کرنے کی خبروں کے ساتھ ہی اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے۔
ایران اور اسرائیل نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایران سے اسرائیل پر حملہ ہوتا ہے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
قبل ازیں امریکی حکام نے کہا تھا کہ ایران کا اسرائیل پر ممکنہ بلیسٹک میزائل حملہ اپریل میں ہونے والے حملوں جتنا یا ان سے بڑا ہوسکتا ہے۔
ایک امریکی عہدے دار نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اگر ایران اسرائیل پر بلیسٹک میزائل حملہ کرتا ہے تو یہ اپریل کے حملوں جتنا یا ان سے بھی بڑا ہوسکتا ہے۔
امریکی عہدے دار کا کہنا تھا کہ یہ جائزہ ابتدائی اشاروں اور معلومات پر مبنی ہے اور اس حوالے سے یقین سے کہنا مشکل ہے۔
قبل ازیں امریکی حکام نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ایران اسرائیل پر بلیسٹک میزائل حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔
اسرائیل میں ایرانی حملے کی صورت میں پناہ لینے کی جگہوں کی تفصیلات لوگوں کو موبائل فون پر ارسال کر دی گئی ہے اور ٹی وی پر بھی بتا دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینئیل ہاگاری کا کہنا ہے کہ ملک کے ایئر ڈیفنس کا نظام مکمل طور پر فعال ہے جو کہ خطرات کی نہ صرف نشاندہی کر رہا ہے بلکہ ان کو روک بھی رہا ہے۔ ’لیکن ایئر ڈیفنس کا نظام فول پروف نہیں۔‘
دریں اثنا ایرانی میڈیا نے ایسی ویڈیوز شیئر کرنا شروع کر دی ہیں جن میں ملک کے مختلف علاقوں میں میزائل فائر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم ایرانی حکومت نے ابھی تک سرکاری طور پر اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا ہے۔ 
فضائی حملوں کے حوالے سے اسرائیل میں الرٹس لبنان سے راکٹس اور میزائل حملوں کے بعد سامنے آئے ہیں۔
اسرائیلی توپوں اور جہازوں نے جنوبی لبنان کے گاؤں پر گولے برسائے جہاں کے رہائشیوں کو علاقے خالی کرنے کا کہہ دیا گیا تھا۔ اسرائیلی حملوں کا جواب حزب اللہ کے جنگجوؤں نے درجنوں راکٹس اسرائیل پر فائر کر کے دیا۔
ابھی تک ان حملوں میں ہلاکتوں سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہے اور خطے میں وسیع جنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ 
وائٹ ہاؤس کے ایک اعلی‘ عہدیدار نے کہا تھا کہ اگر ایران اسرائیل پر میزائل حملہ کرتا ہے تو اس کے سگین نتائج ہوں گے۔ 
ایران کی جانب سے حملے کی صورت میں امریکی جہاز اور ایئرکرافٹس خطے میں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔
اسرائیل کے فوجی ترجمان نے بھی خبردار کیا تھا کہ اگر ایران نے میزائل فائر کیے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
ایران نے رواں سال اپریل میں اسرائیل پر غیرمعمولی حملہ  کیا تھا لیکن اس کے چند ہی میزائل اسرائیل پہنچ پائے تھے۔ کئی میزائلوں کو امریکہ اور اتحادیوں نے مار گرائے تھے جب کہ دیگر راستے میں گر کر تباہ ہوئے تھے۔
گوکہ حزب اللہ نے اسرائیلی فوجیوں کی لبنان میں داخل ہونے کے خبر کی تردید کی ہے تاہم اسرائیل فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں درجنوں زمینی حملے کیے۔
اسرائیل نے ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں بظاہر اسرائیلی فوجیوں کو ان گھروں اور سرنگوں میں آپریٹ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جہاں حزب اللہ اسلحہ رکھتی تھی۔

شیئر: