معروف برطانوی گلوکار کی ’ہوٹل بالکونی سے گر کر موت‘، سوشل میڈیا پر آخری پیغام کیا تھا؟
معروف برطانوی گلوکار کی ’ہوٹل بالکونی سے گر کر موت‘، سوشل میڈیا پر آخری پیغام کیا تھا؟
جمعرات 17 اکتوبر 2024 12:39
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
لیئم پین ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں واقع کاساسر ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی معروف پاپ بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کے سابق رکن اور گلوکار لیئم پین کی ہوٹل کی بالکونی سے گر کر موت واقع ہو گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بدھ کے روز 31 سالہ گلوکار اپنے ہوٹل کی تیسری منزل سے گر کر ہلاک ہو گئے ہیں۔
مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ گلوکار ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں واقع کاساسر ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے جہاں وہ تیسری منزل سے گرے اور شدید زخمی ہوئے۔
بیونس آئرس پولیس کے مطابق ’انہیں ہیلپ لائن پر اطلاع موصول ہوئی کہ ایک نشے میں دھت شخص ہوٹل موجود ہے اور کمرے سے توڑ پھڑ کی آواز آرہی ہے۔‘
پولیس جب موقع پر پہنچی تو ہوٹل مینجر نے بتایا کہ انہوں نے ہوٹل کے اندرونی صحن سے ایک زوردار آواز سنی ہے جس پر انہیں پتہ چلا کہ ایک شخص اپنے کمرے کی بالکونی سے گرا ہے۔
بیونس آئرس کی سیکیورٹی منسٹری سے حاصل کردہ کیس سے متعلق آڈیو میں، ایک کارکن کو پولیس سے مدد مانگتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
ہوٹل ورکز اس آڈیو پیغام میں کہہ رہے ہیں ’ایک شخص اپنے کمرے کو تباہ کر رہا، ہوٹل میں مقیم دیگر لوگوں کی جان کو خطرہ ہے، جلد کوئی مدد بھیجیں۔‘
ارجنٹائن کے مقامی میڈیا سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق ملک کی ایمرجنسی میڈیکل سسٹم سروسز واقعے کی تحقیقات کر رہی ہیں اور گلوکار کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
اگرچہ لیئم پین کی موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی، مگر پین کو ذہنی مسائل کے ساتھ اپنی جدوجہد اور شہرت کے دباؤ سے نمٹنے کے لیے شراب کے استعمال کے بارے میں اکثر بات کرتے دیکھا گیا ہے۔
لیئم پین ون ڈائریکشن بینڈ کے پانچ ممبران میں سے ایک تھے۔ یہ بینڈ اس وقت تشکیل پایا تھا جب اس کے ممبران نے 2010 میں برطانوی گلوکاری کے مقابلے ’دی ایکس فیکٹر‘ کے لیے آڈیشن دیا تھا۔ ان کے ساتھ ہیری سٹائلز، لوئس ٹاملنسن، نائیل ہورن اور زین ملک بھی اس بینڈ میں شامل تھے۔
ون ڈائریکشن کے ممبران ایکس فیکٹر مقابلہ تو نہ جیت پائے مگر دنیا کے مقبول ترین بینڈ کے طور پر ابھرے۔ بینڈ نے دنیا بھر میں 70 ملین سے زیادہ ریکارڈ فروخت کیے، جن میں ’وٹ میکس یو بیوٹی فُل، نائٹ چینجز اور ’سٹیل مائے گرل‘ جیسے معروف گانے شامل ہیں۔
ون ڈائریکشن بینڈ تحلیل ہونے کے بعد لیئم پین نے سولو کرئیر کا آغاز کیا تھا اور وہ الیکٹرانک ڈانس میوزک میں ہپ ہاپ میوزک کی دنیا میں کافی مقبول ہوئے۔
رواں ماہ اکتوبر کے آغاز میں لیئم پین نے ون ڈائریکشن بینڈ کے ایک اور سابق گلوکار نائیل ہورن کے کنسرٹ میں شرکت کی تھی جس کے لیے وہ ارجنٹائن میں موجود تھے۔
اس سے قبل بدھ کے روز لئم پین نے اپنے سنیپ چیٹ پر ارجنٹائن میں اپنے سفر کے بارے میں پوسٹ کرتے ہوئے، گھڑ سواری کرنے اور پولو کھیلنے کے بارے میں پوسٹ کی تھی۔
انہوں نے اپنے آخری سوشل میڈیا پیغام میں اپنی پارٹنر کے ساتھ ناشتہ کرتے ہوئے سٹوری شیئر کی تھی اور لکھا تھا ’یہاں ارجنٹائن میں ایک خوبصورت دن ہے۔‘
لئم پین کا اپنی سابق گرل فرینڈ سے ایک 7 سالہ بیٹا بھی ہے۔ ان کی سابقہ گرل فرینڈ شیریل کول پیشے کے اعتبار سے گلوکار ہیں اور وہ ون ڈائریکشن کے سیزن کے دوران ’ایکس فیکٹر‘ جج تھیں۔ دونوں نے شو کے کچھ سال بعد ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا۔
اس سے قبل پین نے مایا ہنری سے اگست 2020 سے 2022 کے اوائل تک منگنی کی تھی۔
اپنے بیٹے کے علاوہ، لیئم پین کے خاندان میں ان کے والدین جیوف اور کیرن پین اور ان کی دو بڑی بہنیں روتھ اور نکولا ہیں۔