Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار اور جے شنکر کے درمیان باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی: ترجمان دفتر خارجہ

ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق ’ظہرانے پر دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان صرف رسمی جملوں کا تبادلہ ہوا‘ (فائل فوٹو: دفترِ خارجہ)
دفتر خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقعے پر پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انڈیا کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے درمیان باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔
جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے دونوں وزرائے خارجہ کی وائرل ہونے والی ویڈیو اور تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ظہرانے کے موقعے پر صرف رسمی اور تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔‘
یاد رہے کہ انڈین وزیر خارجہ جے شنکر اپنے ملک کی جانب سے تقریباً نو برس بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے سب سے اعلٰی عہدے دار تھے۔
جے شنکر نے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی کی تھی۔
اسلام آباد میں ایونٹ کے ظہرانے پر میڈیا نے پاکستانی اور انڈین وزرائے خارجہ کی ایک ویڈیو اور تصاویر شیئر کیں جن میں دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے گفتگو کر رہے تھے۔
اس کے بعد سیاسی تجزیہ کاروں کی جانب سے یہ قیاس آرائیاں کی گئیں کہ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ میچز اور آئندہ برس پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں انڈیا کی شرکت کے معاملے پر بات چیت کی۔
بعض مبصرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور انڈیا کے وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر کی بات چیت میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان طرف پگھلانے کی کوشش کی گئی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹس میں رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی گفتگو معمول کی بات ہے، خاص طور پر میزبان اور مہمانوں کے مابین ظہرانے یا عشائیے کے موقعے پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ ہوتا ہے۔ 

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹس میں رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی گفتگو معمول کی بات ہے‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)

ایس سی او کے اجلاس میں شرکت کے بعد انڈین وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کا اپنی میزبانی کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا تھا۔
پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی بحالی سے متعلق بات چیت نہیں ہوئی: انڈیا
اس سے قبل انڈیا بھی پاکستان کے ساتھ کرکٹ کی بحالی سے متعلق کسی بھی قسم کی بات چیت ہونے کی تردید کر چکا ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے بعد ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان کرکٹ کی بحالی پر بات ہوئی ہے۔
انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے گذشتہ جمعے کو ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایس جے شنکر نے غیر رسمی ماحول میں عہدے داروں کے ساتھ خوش گپیوں کا تبادلہ کیا۔

شیئر: