کویت میں غیرملکی اب ایک سے زیادہ گاڑیاں نہیں رکھ سکیں گے
اتوار 27 اکتوبر 2024 5:19
کویت میں اس وقت 25 ملین گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
کویت نے ٹریفک ضوابط میں کئی تبدیلیاں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے اور غیرملکیوں کے لیے گاڑیوں کی ملکیت پر پابندیاں شامل ہیں۔
کونا کے مطابق کویتی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’جلد نافذ ہونے والے نئے ٹریفک قانون کے تحت غیرملکیوں کو اب ایک سے زیادہ گاڑیاں رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔‘
اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری ٹریفک امور اور آپریشننز میجر جنرل یوف الخدہ نے بتایا کہ ’نئے قانون میں غیرملکیوں کو صرف ایک گاڑی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔‘
یہ پابندی ملک میں ٹریفک کا رش کم کرنے اور روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے اقدام کا حصہ ہے۔ کویت میں اس وقت 25 ملین گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’موجودہ ٹریفک قانون 1976 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس میں خلاف ورزیوں پر جرمانے اور سزائیں زیادہ سخت نہیں ہیں۔‘
نئے قانون میں سب سے کم جرمانہ ممنوعہ علاقے میں پارکنگ پر 15 کویتی دینار اور سنگین خلاف ورزی پر جرمانہ پانچ ہزار کویتی دینار تک ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ ’کویت میں اوسط یومیہ 300 ٹریفک خلاف ورزیاں ہوتی ہیں جن میں 90 فیصد لاپرواہی سے ڈرائیونگ یا دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال ہے۔‘