Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی اور ہسپانوی وزیراعظم کا انڈیا کے پہلے پرائیویٹ ملٹری ایئر کرافٹ پلانٹ کا افتتاح

مودی نے کہا کہ ’یہ کارخانہ انڈیا اور سپین کے تعلقات کو مضبوط کرے گا۔‘ (فوٹو: اے این آئی)
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے سپین کے ہم منصب پیڈرو سانچیز نے پیر کو انڈیا کے پہلے نجی ملٹری ایئر کرافٹ پلانٹ کا افتتاح کیا جس سے ملک کے عالمی مینوفیکچرنگ کا مرکز بننے کے عزائم کو تقویت ملی۔
عرب نیوز کے مطابق ریاست گجرات کے وڈودرا شہر میں دونوں وزرائے اعظم نے ٹاٹا ایئرکرافٹ کمپلیکس کا آغاز کیا جو ایئربس سپین کے ساتھ مل کر ایئربس سی 295 ٹرانسپورٹ ملٹری ہوائی جہاز تیار کرے گا۔
نریندر مودی نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ ’انڈیا میں دفاعی مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم نئی بلندی کو چھو رہا ہے۔ اگر ہم نے 10 سال پہلے کوئی ٹھوس قدم نہ اٹھایا ہوتا تو آج اس مقام تک نہ پہنچ پاتے۔ اس وقت کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ انڈیا اس پیمانے پر دفاعی مینوفیکچرنگ میں شامل ہو سکتا ہے۔‘
نریندر مودی نے 2014 میں اپنے ’میک اِن انڈیا‘ اقدام کے ساتھ اقتدار میں آنے کے بعد انڈیا کو انفراسٹرکچر، فارماسیوٹیکل اور دفاعی شعبے سمیت ایک عالمی مینوفیکچرنگ ہب میں تبدیل کرنے کا عزم کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’اُس وقت ہماری ترجیح اور شناخت درآمد کنندگان کی تھی۔ لیکن ہم نے ایک نئے راستے پر چلنے کا فیصلہ کیا، ہم نے اپنے لیے ایک نیا ہدف طے کیا اور آج ہم اس کے نتائج کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔‘
2021 میں دستخط کیے گئے 2.5 ارب ڈالر کے معاہدے کے تحت انڈیا اور سپین نے انڈین فضائیہ کے پرانے ایورو 748 طیاروں کو تبدیل کرنے کے لیے سی 56 295 ٹرانسپورٹ طیارے خریدنے پر اتفاق کیا تھا۔
ایئربس پہلے 16 طیاروں کو سپین کے شہر سیویل میں اپنی آخری اسمبلی لائن سے فراہم کرے گا جن میں سے چھ اب تک پہنچا دیے گئے ہیں۔ بقیہ 40 کو دونوں کمپنیوں کے درمیان صنعتی شراکت داری کے حصے کے طور پر انڈیا میں ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز کے ذریعے تیار اور اسمبل کیا جائے گا۔
مودی نے کہا کہ ’یہ کارخانہ نہ صرف انڈیا اور سپین کے تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ میک ان انڈیا اور میک فار دی ورلڈ مشن کو بھی مضبوط کرے گا۔‘
وڈودرا کے پلانٹ سے 2026 میں انڈیا میں بنایا گیا پہلا سی 295 طیارہ تیار ہونے کی امید ہے۔ یہ طیارہ 71 فوجیوں یا 50 چھاتہ برداروں کو لے جا سکتا ہے، دور دراز کے مقامات تک رسائی حاصل کر سکے گا اور طبی انخلا اور آفات میں امداد کے لیے استعمال ہو گا۔
سانچیز نے کہا کہ ’یہ منصوبہ ایک قابل اعتماد اور سٹریٹجک پارٹنر کے طور پر ہمارے ملک کی گہری وابستگی کو بنیاد بناتے ہوئے ہمارے صنعتی تعلقات کو مضبوط کرتا ہے۔ یہ پلانٹ صنعتی ترقی کی علامت اور قریبی اور بڑھتی ہوئی دوستی کا ثبوت ہوگا۔‘
سانچیز انڈیا کے تین روزہ دورے پر تھے جو 18 سالوں میں کسی ہسپانوی رہنما کا جنوبی ایشیائی ملک کا پہلا ایسا دورہ تھا۔

شیئر: