ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر وسیم اکرم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جہاں تک میں سمجھ سکتا ہوں، انڈیا کی حکومت اور انڈیا کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آرہی ہے، میں نے کہیں یہ بھی پڑھا ہے کہ انڈیا شاید اپنے سارے میچز لاہور میں کھیلے گا، وہ شاید لاہور آئیں گے اور اسی رات کھیل کے بعد واپس لوٹ جائیں گے، میرے خیال میں اگر انڈیا اس میں خوش ہے تو پھر ٹھیک ہے۔‘
وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ ’میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں، انڈیا کا پاکستان کا دورہ بڑا ہی شاندار رہے گا۔ وراٹ کوہلی، روہت شرما، ہاردک پانڈیا، سوریا کمار یادیو کے پاکستان میں بے شمار فینز ہیں، نوجوان کرکٹ فینز ان کھلاڑیوں کی تقلید کریں گے۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آئندہ سال 2025 کے 19 فروری سے 19 مارچ تک چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔
پاکستان کی جانب سے یہ پیشکش بھی کی گئی کہ انڈیا کے تمام میچز لاہور میں ہوں گے۔
لاہور اںڈیا کے بارڈر کے قریب ہے اور انڈیا کو سکیورٹی اور دوسرے انتظامات کی فراہمی میں کوئی دشواری نہیں ہو گی۔
پاکستان نے پیشکش کی ہے کہ اگر انڈیا سے تعلق رکھنے والے کرکٹ فینز اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے پاکستان آنا چاہتے ہیں تو پاکستان انڈیا کے شہریوں کو 17 ہزار ویزے جاری کرے گا۔
چیمپئن ٹرافی کا فائنل لاہور میں ہو گا اور اگر انڈیا سیمی فائنل کے لیےکوالیفائی کرتا ہے تو اس صورت میں سیمی فائنل بھی لاہور میں ہی ہوگا۔
وسیم اکرم نے انڈیا کے دورہ پاکستان کے متعلق بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’سوشل میڈیا کے اس دور میں ہر طرف منفی چیزیں پھیلی ہوئی ہیں، میرے خیال میں ایسے ماحول میں انڈیا کا پاکستان کا دورہ نہ صرف کرکٹ بلکہ پاکستان کے لیے بھی شاندار ہو گا۔‘