Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائنی صدر کا دورہ امارات، مضبوط اقتصادی تعلقات کا عزم

2008 کے بعد یہ کسی فلپائنی صدر کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے منگل کو ابوظبی میں قصر الشاطی میں فلپائن کے صدر لینسی فرڈینینڈ مارکوس جونیئر کا خیرمقدم کیا ہے۔
یاد رہے 2008 کے بعد یہ کسی فلپائنی صدر کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
عرب نیوز اور وام کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماوں نے معیشت، تجارت اور پائیداری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مضبوط اقتصادی تعلقات کا عزم ظاہر کیا۔
شیخ محمد بن زاید نے امارات اور فلپائن کے درمیان مضبوط اور ابھرتے ہوئے تعلقات پر زور دیا۔
 اس سال دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ ہے۔ دونوں ممالک کے مفاد کے لیے ان تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
شیخ محمد زاید نے کہا متحدہ عرب امارات، فلپائن کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو باہمی اقتصادی ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے ایک جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے  کے لیے بات چیت جاری رکھنے کا منتظر ہے۔
فلپائنی صدر نے امارات کی قابل ذکر انسانی کوششوں اور دنیا بھر کی کمیونٹیز کی سپورٹ خاص طور پر مشترکہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے عزم کی تعریف کی۔
 امارات اور فلپائن نے کئی مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے، جن میں ثقافت، توانائی کی منتقلی، مجرمانہ معاملات میں باہمی قانونی مدد، ملزمان کی حوالگی، سزا یافتہ افراد کی منتقلی اور حکومتی ترقی اور جدید کاری میں تعاون جیسے شعبے شامل ہیں۔

شیئر: