تحریک انصاف تخریب کاری کا جتھہ ہے، ٹھوس بنیادوں پر قانونی کارروائی کی جائے: وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ریلی سے یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔ فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں بلکہ فتنہ اور تخریب کاری کا جتھہ ہے جس نے گزشتہ نو ماہ میں اسلام آباد پر چوتھی مرتبہ لشکر کشی کی۔
جمعے کو وزیراعظم ہاؤس میں امن و امان سے متعلق اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ تحریک انصاف نہیں بلکہ تخریب انصاف ہے، خیبر پختونخوا سے مالی وسائل کے ساتھ جتھہ اسلام آباد آیا اور تباہی مچائی۔
اجلاس میں آرمی چیف کے علاوہ وفاقی وزرا اور وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ کے پی سے آنے والے جتھے نے گولیاں چلائیں، لوگوں کو زخمی کیا، ایک پولیس اہلکار اور رینجرز کے چار اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ ملکی معیشت کو بھی گھاؤ لگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک محتاظ اندازے کے تحت پی ٹی آئی کی ریلی سے یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام تخریب کاروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جائیں اور ٹھوس بنیادوں پر قانونی کارروائی کی جائے، تخریب کاروں کا اصل چہرا نہ دکھایا تو تاریخ اچھے الفاظ میں نہیں یاد رکھے گی، دشمنان پاکستان کا ہاتھ صرف روکیں ہی نہیں بلکہ توڑ دیں۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دن رات سازشیں کر رہی ہیں اور انہیں کوئی پروا نہیں کہ دوست ممالک سرمایہ کاری کرنا چاپتے ہیں، اور نہ ہی پاراچنار میں ہونے والے حادثے کا کوئی احساس ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا بہت خوصورت صوبہ ہے، وہاں کے عوام بہت بہادر ہیں اور پاکستان کے وفادار ہیں ہمیں ان کی ترقی کے لیے سوچنا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے پچھلے آٹھ ماہ میں عوام کی بحالی اور وہاں کی ترقی کے لیے کیا کیا، پاکستان کو ہم نے اس جتھے اور تخریب کاری کی پارٹی کے حوالے کرنا ہے یا سنوارنا اور بنانا ہے۔