ڈاکار ریلی کی میزبانی، ایف آئی اے کی سعودی عرب کے کردار کی تعریف
بن سلیمان کے ساتھ دورے پر ایف آئی اے کے نائب صدر میلکم ولسن بھی ہوں گے۔ (فوٹو: ڈی پی پی آئی)
موٹر سپورٹس کی تنظیم ایف آئی اے کے صدر محمد بن سلیمان نے سعودی عرب کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت نے ڈاکار ریلی کو دنیا کے اہم ترین ایونٹس میں سے ایک بنانے میں مدد کی اور ایف آئی اے ورلڈ ریلی ریڈ چیمپیئن شپ کو فروغ دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بن سلیمان اس تاریخی ریس کے 48ویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے جب یہ ہفتے کے آخر میں اپنے عروج پر پہنچے گی۔
بن سلیمان کے ساتھ دورے پر ایف آئی اے کے نائب صدر میلکم ولسن بھی ہوں گے۔
چیمپئن شپ کے پہلے مرحلے میں ریکارڈ 72 گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ نئے ایف آئی اے ماسٹر ڈرائیورز چیمپئن شپ کا آغاز بھی ہوگا، اور ’ڈیفنڈر‘ ایک نئے مینوفیکچر کے طور پر شامل ہو رہا ہے۔
بن سلیمان کا استقبال جمعہ کو سعودی آٹوموبائل اور موٹر سائیکل فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ خالد بن سلطان عبدالله الفیصل کریں گے۔
ایف آئی اے کے صدر جو ہفتے کی شام اختتامی تقریب سے خطاب کریں گے، نے کہا کہ یہ ایونٹ مسلسل بہتر ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے شہزادہ خالد اور فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ’ایک اور شاندار ایونٹ کی میزبانی کی اور ڈرائیورز، فینز، اور تمام متعلقہ افراد کے لیے واقعی عالمی معیار کا تجربہ فراہم کیا۔‘