Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: رفحاء اور الحناکیہ حالیہ بارشوں سے سرسبز چراگاہوں میں تبدیل

چراگاہوں میں بھیڑوں کے ریوڑ گھاس چرتے فطرت کا دلکش منظر پیش کر رہے ہیں۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے شمالی علاقہ رفحاء اور مدینہ گورنریٹ کے علاقے الحناکیہ میں حالیہ بارشوں نے  خشک زمینوں کو سرسبز و شاداب میدانوں اور چراگاہوں میں بدل دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی واس کے مطابق مقامی و غیر ملکی سیاح قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ان علاقوں کا رخ کر رہے ہیں، اس کے علاوہ مویشی پالنے والے افراد اپنے جانوروں کے لیے ان چراگاہوں سے چارہ حاصل کر رہے ہیں۔

مدینہ منورہ کے مغربی علاقے میں واقع الحناکیہ  کے پہاڑ اور میدان بارشوں کے بعد سرسبز ہو چکے ہیں جو دلکش قدرتی منظر پیش کر رہے ہیں۔
یہ سرسبز مناظر سیاحوں کے لیے بہترین تفریحی مقامات فراہم کرتے ہیں، جہاں وہ آرام کر سکتے ہیں اور مختلف آؤٹ ڈور سرگرمیوں اور مشاغل سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

اونٹوں اور بھیڑوں کے ریوڑ گھاس چرتے ہوئے فطرت کا دلکش منظر پیش کر رہے ہیں جو اس خطے کی خوبصورتی کی عکاسی کرتا ہے۔
مملکت کے شمالی سرحدی علاقے میں رفحا گورنریٹ  کے جنوب میں واقع زبالہ نامی علاقہ بھی سرسبز چراگاہوں میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں پالتو جانوروں اور بھیڑوں کے ریوڑ ہریالی میں چرتے ہوئے اور پس منظر میں علاقے  کے تاریخی مقامات حسین منظر پیش کر رہے ہیں۔

الحناکیہ گورنریٹ میں زبالہ کا علاقہ قدیم تاریخی حج راستے پر اہم پڑاؤ ’زبیدہ ٹریل‘ کا اہم مقام ہے جو نہ صرف تاریخی لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے بلکہ قدرتی حسن سے بھی مالا مال ہے۔
یہ چراگاہیں جہاں مقامی چرواہوں کے لیے فائدہ مند ہیں وہیں ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور ہائیکنگ کے شوقین افراد کو بھی خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کر رہی ہیں۔
 

 

شیئر: