سعودی عرب انگور کی پیداوار میں 66 فیصد تک خود کفیل
2023 میں مجموعی طورپر 122.3 ٹن انگور کی کاشت کی گئی (فوٹو: ایس یی اے)
سعودی وزارت ماحولیات وزراعت کا کہنا ہے’ سعودی عرب انگور کی پیداوار میں 66 فیصد تک خود کفیل ہو گیا ہے۔‘
2023 میں مجموعی طورپر 122.3 ٹن انگور کی کاشت کی گئی۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کی جانب سے ’ہمارا دسترخوان ہماری زمین سے‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم میں انگور کی کاشت کے حوالے سے بتایا گیا’ مملکت کے مختلف علاقوں میں 7.1 ملین انگور کی بیلیوں سے 6.2 ملین بیلیں پیداوار دیتی ہیں جو مملکت کی ضرورت کو کافی حد تک پورا کرنے کے لیے ہیں۔‘
وزارت کا مزید کہنا تھا’ مقامی سطح پر پیدا ہونے والے انگور معیار کے حساب سے مقامی مارکیٹ میں صارفین کے ذوق کے مطابق ہیں۔‘
دیگراقسام کی کاشت کے حوالے سے وزارت کا کہنا تھا ’مارکیٹ کی طلب کے مطابق انگوروں کی مزید اقسام کی کاشت کے لیے کاشت کاروں کو ترغیب دی جائے گی۔‘
اس میں ارلی سویٹ، کرمسن سیڈ لیس اور فیلم سیڈ لیس گرپس شامل ہیں ۔علاوہ ازیں اس وقت طائف کے انگور ، لبنانی انگور اور میٹھے انگوروں کی اقسام کی کاشت کی جارہی ہے۔
کاشت کاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے بھی متعارف کرایا جارہا ہے جس میں پانی کی کم سے کم ضرورت ہوتی ہے تاکہ پیداوار میں اضافہ کیا جاسکے۔
