Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بڑھتی عمر کے ساتھ صحت مند رہنے کے لیے کون سی غذائیں فائدہ مند؟

پروسیسڈ فوڈز، خاص طور پر پراسیسڈ گوشت اور میٹھے اور مشروبات کا زیادہ استعمال بڑھاپے میں صحت کو متاثر کرتا ہے۔ فائل فوٹو: پکسابے
ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پھل، سبزیاں، اناج، گری دار میوے، پھلیاں اور کم چکنائی والی ڈیری مصنوعات والی غذاؤں کا صحت سے بنیادی تعلق ہے جبکہ اسی طرح سوڈیم، شوگر ڈرنکس، ٹرانس فیٹس، سرخ گوشت اور پراسیس شدہ گوشت کو صحت کے لیے مضر پایا گیا۔
ہارورڈ ٹی ایچ چن سکول آف پبلک ہیلتھ، یونیورسٹی آف کوپن ہیگن اور یونیورسٹی آف مونٹریال کے محققین کی طرف سے کی گئی یہ تحقیق نیچر میڈیسن میں شائع ہوئی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج ایک لاکھ سے زائد افراد کے کھانے پینے اور صحت کے جائزوں کی بنیاد پر اخذ کیے گئے۔
فریڈرک جے سٹیر پروفیسر آف نیوٹریشن اینڈ ایپیڈیمولوجی اور ہارورڈ چان سکول میں نیوٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے چیئر فرینک ہو نے کہا کہ ’اس سے قبل ہونے والی تحقیق میں لوگوں کی غذاؤں کی بنیاد پر مخصوص بیماریوں یا وہ کتنے عرصے زندہ رہتے ہیں پر توجہ مرکوز ہوتی تھی۔ ہمارا ایک کثیر جہتی نقطہ نظر رہا، یہ پوچھتے ہوئے کہ خوراک لوگوں کے زندگی گزارنے اور عمر کے ساتھ اچھے معیار زندگی سے لطف اندوز ہونے کی صلاحیت کو کیسے متاثر کرتی ہے؟‘
محققین نے نرسوں کے ہیلتھ سٹڈی اور ہیلتھ پروفیشنلز کے فالو اَپ سٹڈی کے ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے 39 سے 69 سال کی عمر کے ایک لاکھ پانچ ہزار افراد پر تحقیق ہے۔
تحقیق میں شامل ان خواتین اور مردوں کی خوراک اور حتمی صحت کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے باقاعدگی سے غذائی سوالنامے مکمل کیے جس پر محققین نے نوٹ کیا کہ انہوں نے آٹھ صحت مند غذا کے نمونوں پر کتنی اچھی طرح سے عمل کیا۔
ان میں متبادل صحت مند کھانے کے انڈیکس، آلٹرنیٹیو میڈیٹیرینین انڈیکس، ہائی بلڈ پریشر کو روکنے کے لیے غذائی نقطہ نظر (ڈی اے ایس ایچ)، میڈیٹیرینین کے صحت بخش کھانے، پودوں پر مبنی غذا (ایچ پی ڈی آئی)، پلانیٹری ہیلتھ ڈائیٹ انڈیکس (پی ایچ ڈی آئی) کی تفصیلات بھی تحقیق میں شامل افراد نے بتائیں جن کی بنیاد پر ماہرین نے نتائج اخذ کیے۔
محققین کے مطابق ان میں سے ہر ایک غذا جن میں پھل، سبزیاں، مکمل اناج، غیر حل شدہ چکنائی، گری دار میوے اور پھلیاں نہایت صحت بخش ثابت ہوئیں  جن کے کھانے والوں کا معیارِ زندگی بہتر رہا۔

تحقیق میں شامل خواتین اور مردوں کی خوراک اور صحت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ فائل فوٹو: فری پکس

اسی طرح مچھلی اور دودھ سے حاصل کی گئی کھانے کی بعض مصنوعات (ڈیری پراڈکٹس) بھی صحت کے مفید ثابت ہوئیں۔
محققین نے شرکاء کے الٹرا پروسیس شدہ کھانوں کی مقدار کا بھی جائزہ لیا، جو صنعتی طور پر تیار کیے جاتے ہیں، جن میں اکثر مصنوعی اجزاء یعنی شکر، سوڈیم اور غیرصحت بخش چربی شامل ہوتی ہے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق الٹرا پروسیسڈ فوڈز، خاص طور پر پراسیسڈ گوشت اور میٹھے اور مشروبات کا زیادہ استعمال صحت مند بڑھاپے کے امکانات کو کم کر دیتا ہے۔

شیئر: